Saturday, April 27, 2024

پانچ فروری، مڈوائوز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے عالمی دن منایا جا رہا ہے

پانچ فروری، مڈوائوز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے عالمی دن منایا جا رہا ہے
May 5, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) دنیا بھر میں مڈوائوز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے آج ان کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ لاہور کے گردونواح میں کام کرنے والی کمیونٹی مڈوائوز کہتی ہیں کہ کم سہولیات کے باوجود وہ بہتر سروس دینے کی پوری کوشش کرتی ہیں۔ آسیہ دو ہزار دس سے محکمہ صحت کی جانب سے لی گئی اٹھارہ ماہ کی ٹریننگ کے بعد لاہور کے نواحی علاقے کاہنہ کاچھہ میں مڈوائیو کے طور پر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ اردگرد سے آنے والی خواتین کے وہ ناصرف روٹین چیک اپ کرتی ہے بلکہ پیچیدگی کی صورت میں انہیں ڈی ایچ کیو یا بی وی ایچ ریفر کرنے کے ساتھ  فیملی پلاننگ کے حوالے سے ان کی بھرپور رہنمائی کا کام بھی سرانجام دیتی ہے۔ لاہور کے نواحی گائوں میں اس وقت اسی کے قریب مڈوائوز اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔ مڈوائیو کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے محکمہ صحت ہر سال ان کی تعداد میں اضافے کے ساتھ مزید خواتین کو اس شعبے میں تربیت دے رہا ہے۔ آسیہ کے گھر میں بنا کلینک سہولیات سے محروم اس علاقے میں خواتین کیلئے کسی رحمت سے کم نہیں جہاں کسی بھی ہنگامی صورت میں انہیں فوری ڈیل کیا جا سکتا ہے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ مڈوائوز کیلئے اس سال سرکاری سطح پر کسی تقریب کا اہتمام نہیں کیا گیا۔ آسیہ اور اس جیسی کتنی ہی مڈوائوز دیہی علاقوں میں اپنی خدمات سرانجام دیتے ہوئے ناصرف صحت اور فیملی پلاننگ کے حوالے سے شعور اجاگر کر رہی ہیں بلکہ کئی قیمتی جانیں بروقت بچانے کا سبب بھی ہیں۔