Thursday, March 28, 2024

پانچ شہروں میں پاور لومز مالکان کی ہڑتال دوسرے روز میں داخل

پانچ شہروں میں پاور لومز مالکان کی ہڑتال دوسرے روز میں داخل
October 17, 2019
فیصل آباد ( 92 نیوز) فیصل آباد سمیت پنجاب کے پانچ شہروں میں پاور لومز مالکان کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری ہے ،  ایک لاکھ سے زائد پاور لومز بند ہونے سے لاکھوں مزدور بے روزگار ہو چکے ہیں، مزدوروں کے گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں ۔ بجلی کے زائد بلوں اور ٹیکسز میں اضافے کے خلاف صنعتی شہر فیصل آباد  سمیت جھنگ، گوجرہ، کمالیہ اور حافظ آباد کی پاور لومز فیکٹریاں ہڑتال کے باعث آج دوسرے روز بھی بند پڑی ہیں ، صنعت کا پہیہ رکنے سے مزدور بھی روزگار سے محروم ہو گئے ہیں ۔ ہڑتال کی کال کونسل آف پاورلوم اونرزایسوسی ایشن نے دی جس پر صنعتی شہر کے غلام محمد آباد، سدھار، سرگودھا روڈ سمیت دیگر سیکٹرز میں پاور لومز  بند پڑی ہیں اور مزدوروں کے ساتھ مالکان بھی شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ پاور لومز مالکان کا کہنا ہے کہ  حکومتی پالیسیاں سمجھ سے بالاتر ہیں ، فیکٹریاں بند اور لوگ بےروزگار ہو رہے ہیں ، حکومت ایک تو بار بار بجلی بم گرا رہی اور دوسرا ٹیکسز نے کمر توڑ رکھی ہے، حکومت نے سہارا نہ دیا تو ٹیکسٹائل کا یہ اہم ترین سیکٹر تباہ حالی کا شکار ہو جائے گا۔