Friday, April 19, 2024

پانچ دہشت گردوں سمیت درجنوں امن دشمن گرفتار

پانچ دہشت گردوں سمیت درجنوں امن دشمن گرفتار
February 28, 2017

کراچی / پشاور / راولپنڈی (92نیوز) امن دشمنوں کے خاتمے کیلئے آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے۔ مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران آج بھی بیسیوں مشتبہ افراد اور دہشت گرد پکڑے گئے۔

کراچی میں سائٹ اے پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا اور دو دہشت گردوں کو دھر لیا۔ دہشت گردوں صاحبزادہ اور عثمان سے دو دستی بم اور اسلحہ بھی برآمد ہو۔

سوات پولیس نےمٹہ کےعلاقہ میں کارروائی کرتے ہوئے دہشت گرد عادل خان کوگرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ ملزم گزشتہ آٹھ سال سے دہشت گردی اور سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔

راولپنڈی میں حساس اداروں نے نواحی علاقے چیک بیلی خان روڈ میں کارروائی کی اور دو مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد اور ڈیٹونیٹر برآمد کر لئے گئے۔

پشاور میں سماج دشمن عناصر اور مشکوک افراد کی گرفتاری کے لئے سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس نے تھانہ غربی کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے 2 مشکوک افراد سمیت 11 افراد کو گرفتار کرلیا۔

شیخوپورہ میں سرچ آپریشن کےدوران 18 مشتبہ افراد کوحراست میں لےلیا گیا جبکہ پاکپتن سے خواتین سمیت سترہ مشتبہ افراد کو دھر لیا گیا، ملزموں سے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی گئی۔

چنیوٹ میں پولیس نے سٹی، بھوآنہ اورچناب نگر کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا اور پانچ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، رحیم یارخان میں بھی حساس اداروں اورپولیس نےمشترکہ سرچ آپریشن کےدوران تین مشتبہ افراد کوگرفتارکرکےاسلحہ برآمد کرلیا۔

بدین میں رینجرز اور پولیس نےمختلف علاقوں میں کومبنگ آپریشن کےدوران تین مشتبہ افرادکوحراست میں لےلیا۔