Monday, May 13, 2024

پانچ اگست بطور یوم استحصال کشمیر بھرپور طریقے سے منائیں گے ، شبلی فراز

پانچ اگست بطور یوم استحصال کشمیر بھرپور طریقے سے منائیں گے ، شبلی فراز
August 3, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا پانچ اگست بطور یوم استحصال کشمیر بھرپور طریقے سے منائیں گے۔ گھر گھر عوام کشمیری پرچم لہرا کر اظہاریکجہتی کریں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی محاصرے کو ایک سال مکمل ہونے پر یوم استحصال منانے کی ‏تیاریاں جاری ہیں۔ وفاقی وزیراطلاعات اور وزیر پوسٹل سروسز مراد سعید نے کشمیریوں کوخراج ‏تحسین پیش کرنے کیلئے خصوصی ڈاک ٹکٹ جاری کر دیا۔ تقریب میں کشمیر چوک اسلام آباد سے مظفر آباد تک این ایچ اے کے زیر انتظام سڑک کا نام سرینگر ہائی وے رکھ دیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی ‏وزیر مراد سعید نے کہا کہ مودی نے پانچ اگست کو ہندوتوا ‏نظریے کے تحت یک طرفہ اقدام اٹھایا، ڈاک ٹکٹ دنیا بھر میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ‏ہونے والے مظالم کو اجاگر کرے گا۔ ‎ وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ پانچ اگست کو یوم استحصال کشمیر بھرپور اندازسے ‏منایا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے موثر انداز میں کشمیریوں کے حق میں ‏آواز اٹھائی، پوری قوم پانچ اگست کو پاکستانی اور کشمیری پرچم لہرائے۔ ادھر کشمیر ہائی وے کا نام سری نگر ہائی وے رکھ دیا گیا۔ وزیر مواصلات نے افتتاح کر دیا۔ مراد سعید کہتے ہیں اس سڑک کو روڈ ٹو سرینگر کہہ سکتے ہیں۔ مودی نئے دور کا ہٹلر ہے۔ کشمیر کے بھارتی محاصرے کو ایک سال مکمل ہو گیا۔ 5 اگست کے اقدام سے مودی نے بھارت کے تقسیم ہونے کی بنیاد رکھ دی۔ جلد کشمیری بھائیوں کے ساتھ سری نگر میں نماز جمعہ ادا کریں گے۔