Saturday, April 20, 2024

پانامہ لیکس پر بل کی منظوری کے بغیر عدالتی کمیشن مؤثرکردار ادا نہیں کرسکے گا : قمرزمان کائرہ

پانامہ لیکس پر بل کی منظوری کے بغیر عدالتی کمیشن مؤثرکردار ادا نہیں کرسکے گا : قمرزمان کائرہ
November 20, 2016

 لاہور(92نیوز)پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس پر  بل کی منظوری کے بغیر عدالتی کمیشن بھی موثر کردار ادا نہیں کر سکے گا۔ پیپلز پارٹی سپریم کورٹ جانے کے خلاف تھی ستائیس دسمبرتک بلاول بھٹوکےمطالبات پرعمل نہ ہوا تو پھر اپنا لائحہ عمل دیں گے۔

قمرزمان کائرہ نے پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر بننے کے بعد لاہور میں پہلی باقاعدہ پریس کانفرنس کی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ملک کو سی پیک منصوبہ دیا جس کو حکمران متنازعہ بنا رہے ہیں۔ سی پیک کے حوالے سے بلائی گئی اے پی سی کے فیصلوں پر عملدرآمد کیا جائے کیونکہ معاشی عدم استحکام کے باعث ملک پہلے بھی دو لخت ہو چکا ہے۔

قمرزمان کائرہ نے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی ہے جس کے خاتمے کے لیے پیپلزپارٹی بڑی قربانیاں دی ہیں  اب بھی سب سے زیادہ خطرہ ہماری قیادت کو ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی پانامہ لیکس پر اپنے بل کی منظوری چاہتی ہے اس کے بغیر عدالتیں بھی موثر کارروائی کرنے والا کمیشن نہیں بنا سکیں گی۔ پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر نے اعلان کیا کہ وہ جلد پنجاب کے حکمرانوں کے جھوٹے وعدوں پر مبنی اعلانات کا پول کھولیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیورو کریسی پنجاب کے حکمرانوں کی غلامی چھوڑ دے۔