Wednesday, May 1, 2024

پاناما کیس : جواب جمع نہ کرانے پر عمران خان کی شریف فیملی پر تنقید

پاناما کیس : جواب جمع نہ کرانے پر عمران خان کی شریف فیملی پر تنقید
November 3, 2016
اسلام آباد (92نیوز) عمران خان نے کہا ہے کہ پاناما لیکس پر اب احتساب ہورہا ہے تو نواز شریف جواب کیوں نہیں دے رہے۔ اٹارنی جنرل کو ایک کرپٹ خاندان کی وکالت کا حق کیسے ہو سکتا ہے۔ وہ نواز شریف سے تنخواہ نہیں لیتے کہ عدالتوں میں ان کا دفاع کریں۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شریف خاندان پر ایک بار پھر گولہ باری کر دی۔ پاناما لیکس پر مریم، حسن اور حسین نواز کے جوابات جمع نہ کرانے پر خوب برسے۔ پاناما لیکس سے متعلق کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت کے بعد کپتان عدالتی کارروائی پر خاصے مطمئن دکھائی دیے اور کہا کہ سات مہینے سے پاناما کا معاملہ چل رہاہے اور شریف خاندان جواب جمع کرانے کے لیے اب بھی وقت مانگ رہا ہے۔ اگر انہیں کیس عدالت میں جانے پر واقعی ہی خوشی تھی تو اب جواب کیوں نہیں دے رہے۔ شریف خاندان کا کیس لڑنے پر عمران خان نے اٹارنی جنرل پر اعتراض اٹھا دیا۔ عمران خان نے شکوہ کیا کہ ان پر قوم کو پریشان کرنے کا الزام لگایا جا رہا ہے لیکن کرپشن کے خلاف تحقیقات بتائیں گی کہ صحیح معنوں میں قوم کو پریشان کس نے کیا۔ وہ تو صرف کرپشن کا حساب مانگ رہے ہیں اور یہ ان کا حق ہے۔ انہوں نے کہا نیب اور ایف بی آر نے جعلی دستاویزات جمع کروائیں۔