Friday, May 3, 2024

پاناما پیپرز افشا کرنے والے شخص نے معافی کے بدلے مدد کی پیشکش کر دی

پاناما پیپرز افشا کرنے والے شخص نے معافی کے بدلے مدد کی پیشکش کر دی
May 7, 2016
پاناما سٹی (ویب ڈیسک) پاناما پیپرز افشا کرنے والے شخص نے پہلی بار اپنے بیان میں معافی کے بدلے حکام کی مدد کرنے کی پیشکش کی ہے۔ جان ڈو نامی شخص کا کہنا ہے کہ پاناما پیپرز کو افشا کرنے کا مقصد معاشی عدم مساوات کے خاتمے کی ایک کوشش تھا۔ تفصیلات کے مطابق جان ڈو نامی شخص نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے کبھی کسی خفیہ ایجنسی یا حکومت کے لیے کام نہیں کیا۔ جان ڈو کا بیان ایسے وقت سامنے آیا جب امریکی صدر براک اوباما نے معیشت پر خطاب میں بدعنوانی اور ٹیکس چوری جیسے مسائل پر بات کی۔ صدر اوباما کا کہنا تھا امریکا بنکوں سے ان لوگوں کی شناخت چاہے گا جو آف شور کمپنیوں کی آڑ میں کام کرتے ہیں۔ پاناما لیکس سے سیاستدانوں، حکام، موجودہ اور سابق قومی لیڈروں، مشہور شخصیات اور کھیلوں کی دنیا سے تعلق رکھنے والے افراد کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ جان ڈو کا کہنا ہے کہ بینک، مالیاتی قواعد ضوابط اور ٹیکس کے ادارے ناکام ہو چکے ہیں۔ فیصلے کیے جاچکے ہیں کہ امرا کو بچانا ہے اور متوسط طبقے کوقابو رکھنا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ پاناما پیپرز کی تحقیقات سے ہزاروں افراد کے خلاف مقدمے بن سکتے ہیں۔ پاناما پیپرز کی پہلی قسط میں دنیا بھر کے دو لاکھ افراد کے نام سامنے آئے تھے جنہوں نے پانامامیں آف شور کمپنیاں قائم کی ہیں۔ ان میں پاکستان کے دوسو افراد بھی شامل ہیں۔ پاناما پیپرز کی دوسری قسط نو مئی کو سامنے لانے کا اعلان کیا گیا ہے۔