Saturday, May 18, 2024

پاناما پر اپوزیشن کا ہنگامہ پانچویں روز بھی جاری، کیپتن صفدر کا عمران خان کو الیکشن لڑنے کا چیلنج

پاناما پر اپوزیشن کا ہنگامہ پانچویں روز بھی جاری، کیپتن صفدر کا عمران خان کو الیکشن لڑنے کا چیلنج
May 13, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاناما پر اپوزیشن کا ہنگامہ پانچویں روز بھی جاری رہا۔ وزیراعطم کے داماد اپوزیشن پر ایسا برسے کہ عمران خان کو الیکشن لڑنے کا چیلنج کر دیا۔ اسپیکر ایاز صادق کی صدارت میں قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو پیپلزپارٹی کے نوید قمر نے کہا کہ آئین کے تحت ہمارے سوالات کا جواب دینا وزیراعظم کی ذمہ داری ہے۔ اپوزیشن آج بھی وزیراعظم کی عدم موجودگی کے باعث ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کرتی ہے۔ کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔ ایک گھنٹے کی تاخیر کے بعد اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو مسلم لیگ ن کی رکن شائستہ پرویز نے خواتین پر تشدد کے خلاف قرارداد پیش کی جو متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ملک میں خواتین پر تشدد کے واقعات روکنا حکومت کی ذمہ داری ہے، یہ ایوان ملک میں خواتین پر تشدد کی مذمت کرتا ہے۔ وزیراعظم کے داماد کیپٹن صفدر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاناما پیپرز میں وزیراعظم پر ایک پائی کی کرپشن ثابت ہو جائے تو سب سے پہلے استعفیٰ دوں گا۔ عمران خان پنڈی کی نشست چھوڑیں اور میں مانسہرہ کی نشست چھوڑتا ہوں وہ میرا مقابلہ کریں۔ کے پی کے کے بعد قومی اسمبلی میں بھی چوہوں کا چرچہ آن پہنچا۔ حکومتی رکن چوہدری منیر نے کہا کہ پارلیمںٹ لاجز کے چوہے ہمارے اور اسپیکر کے قابو میں نہیں اور اجلاس پیر کی شام 5 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔