Thursday, April 25, 2024

پاناما میں نام آنیوالے 436 پاکستانیوں کیخلاف مقدمہ شروع ہوگیا

پاناما میں نام آنیوالے 436 پاکستانیوں کیخلاف مقدمہ شروع ہوگیا
November 23, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) سپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں 2رکنی بنچ نے سراج الحق اور طارق اسد کی درخواستوں کی سماعت کی ۔ درخواست گزار طارق اسد نے استدعا کی کہ کرپشن کرکے آف شور کمپنیاں بنانے والوں کےخلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے۔
جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے کہ کارروائی تو سب کے خلاف ہونی چاہیے لیکن ایسے افراد کا تعین کون کریگا؟ ۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا آپ کا مقدمہ ظاہر آمدن سے زائد اثاثے بنانے والے افراد کےخلاف کارروائی کےلئے ہے؟ ۔ اگر ایسا ہے تو آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات کرنا نیب کا کام ہے۔ ریاست کے ہر ادارے میں بدعنوانی روکنے کے لیے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
عدالت نے جوڈیشل کمیشن بنانے کی استدعا یہ کہتے ہوئے مسترد کردی کہ سب کچھ آج ہی کے دن نہ مانگیں ۔ مقدمے کا فیصلہ کریں گے۔ عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ نوازشریف تو انجام کو پہنچ چکے ۔ اب باقی کرپٹ افراد بھی پکڑے جانے چاہئیں۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ لیڈرز کے دامن پر کرپشن کا دھبہ نہیں ہوناچاہئے ۔ بدعنونی کےخلاف مہم جاری رکھیں گے۔