Friday, April 19, 2024

پاناما لیکس کے معاملے پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی  کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا

پاناما لیکس کے معاملے پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی  کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا
September 8, 2016
اسلام آباد(92نیوز)پاناما لیکس کے معاملے پر پبلک اکاونٹس کمیٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا گیا، اجلاس میں وزارت خزانہ ، ایف بی آراور دیگر تحقیقاتی ادارے پیش ہوں گے ۔ تفصیلات کےمطابق پبلک اکاونٹس کمیٹی نے پانچ ماہ کے عرصے کےبعد پاناما لیکس کے معاملے پر اجلاس طلب کرلیا ہے، جس میں مارچ میں شائع ہونیوالی پاناما لیکس کے معاملے کا جائزہ لیا جائے گا۔ پاناما لیکس میں ساڑھے چھ سو پاکستانیوں کے نام شامل کیے گئے جنہوں نے پاناما میں اپنی آف شور کمپنیاں قائم کی ہیں۔ پاناما لیکس میں وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادوں حسن نواز، حسین نواز اور بیٹی مریم نواز کے نام بھی شامل ہیں جب کہ کراچی لاہور اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات کے نام بھی موجود ہیں، اپوزیشن جماعتوں نے پاناما لیکس کے معاملے پروزیر اعظم نواز شریف اور ان کے خاندان سے تحقیقات کا آغاز کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاہم تحقیقات کے لیے جوڈییشل کمیشن کے ٹی او آرز طے نہ ہونے پر یہ معاملہ کھٹائی میں پڑا ہوا ہے۔ اپوزیشن نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے پاناما پیپرز انکوائریز ایکٹ کا بل بھی سینیٹ میں پیش کردیا ہے جب کہ حکومت نے اس کا جوابی بل قومی اسمبلی میں پیش کردیا ہے۔ ایف بی آر نے پاناما لیکس میں شامل تمام افراد کو نوٹسز بھجوانے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ پبلک اکاونٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سید خورشید شاہ کی زیر صدارت ہوگا جس میں وزارت خزانہ ، ایف بی آر اور دیگر تحقیقاتی اداروں کو طلب کیا گیا ہے۔