Friday, April 26, 2024

پاناما لیکس کے تین سال ، دنیا بھر میں ٹیکس چوروں کیخلاف تحقیقات جاری ‏

پاناما لیکس کے تین سال ، دنیا بھر میں ٹیکس چوروں کیخلاف تحقیقات جاری ‏
April 4, 2019

پاناما لیکس ( 92 نیوز) پاناما لیکس کے تین سال  میں دنیا بھر میں ٹیکس چوروں کے خلاف تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے ،آئی سی آئی جے نے نئی رپورٹ جاری کردی۔

رپورٹ کے مطابق 22 ممالک تحقیقات کے بعد ٹیکس چوروں سے  اب تک ایک ارب بیس کروڑ ڈالر نکلواچکے ہیں۔

آئی سی آئی جے کے مطابق جون 2018 تک صرف برطانوی حکام نے 25 کروڑ بیس لاکھ ڈالر نکلوائے جبکہ آسٹریلین حکام 9 کروڑ 28لاکھ اور بیلجئیم ایک کروڑ 87 لاکھ ڈالر ٹیکس چوروں سے نکلوا چکے ہیں، فرانسیسی حکام نے 13 کروڑ 60 لاکھ ڈالر نکلوانے کی تصدیق کی۔

رپورٹ کے مطابق پاناما لیکس  کے نتیجے میں پہلی فرد جرم امریکی شہری رچرڈ گیفی پرعائد کی گئی، آسٹریا، جرمنی اور ناروے سمیت متعدد ممالک میں  ٹیکس چوروں کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔

پانچ مئی 2016 کو آئی سی آئی جے نے پاناما لیکس کا دھماکا کیا تھا، جس میں پاکستان کے اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کے خاندان سمیت دنیا بھر کی اہم شخصیات کے نام منظر عام پر آئے تھے۔  ان افراد نے ٹیکس سے بچنے کیلئے پاناما میں آف شور کمپنیاں بنا رکھی تھیں۔