Thursday, April 25, 2024

پاناما لیکس کی دوسری قسط جاری، سیاسی ایوانوں میں مسلسل ہیجان انگیز صورتحال

پاناما لیکس کی دوسری قسط جاری، سیاسی ایوانوں میں مسلسل ہیجان انگیز صورتحال
May 10, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) پاناما لیکس کے دوسرے دھماکے نے امرا اور سیاستدانوں کو چکرا کر رکھ دیا۔ جہاں کئی سربراہان مملکت کو دھچکا لگا وہیں مشہور شخصیات نے بھی سر پکڑ لئے۔ پاناما لیکس کی دوسری قسط بھی آگئی جس میں بڑے بڑے نام سامنے آگئے۔ پاناما لیکس کی پہلی قسط جاری ہونے کے بعد سے اب تک سیاسی ایوانوں میں مسلسل ہیجان انگیز صورتحال دیکھنےمیں آرہی ہے۔ آف شور کمپنی کے انکشاف کے بعد آئس لینڈ کے وزیراعظم کو عوامی احتجاج کے باعث مجبور ہو کر عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا۔ برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے اعتراف کیا کہ انہوں نے اپنے والد کی قائم کردہ آف شور کمپنی سے منافع حاصل کیا۔ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے قریبی رشتہ دار کا نام سامنے آیا جس کے بعد روسی صدر نے یہ دعویٰ کیا کہ پاناما پیپرز ان کے خلاف امریکا کی سازش ہے۔ ارجنٹینا کے صدر ماریکیو ماکری کا بھی آف شور کمپنیوں سے تعلق سامنے آیا۔  چین میں سیاسی رہنماؤں کے خاندان کی آف شور کمپنیوں سے تعلقات کی خبریں میڈیا اور سوشل نیٹ ورکس پر چلانے پر پابندی عائد کردی گئی۔ وزیراعظم نواز شریف کے بچوں کا بھی نام آیا۔ اسی طرح جن دیگر مشہور افراد کے لئے یہ لیکس بے چینی کا باعث بنیں ان میں اسٹار فٹبالر لیونل میسی، ہانگ کانگ کے فلم اسٹار جیکی چین اور ہسپانوی فلم ڈائریکٹر پیڈرو الموڈور کے نام شامل ہیں۔ موزیک فانسیکا کے نجی ڈیٹا بیس سے 2.6 ٹیرا بائٹس پر مشتمل عام ہونے والی ان معلومات کو امریکی سفارتی مراسلوں سے بھی بڑا قرار دیا جا رہا ہے۔