Friday, April 26, 2024

پاناما لیکس تیسری بار ڈکلیئرڈ اثاثوں کو سامنے لایا : عبدالعلیم خان

پاناما لیکس تیسری بار ڈکلیئرڈ اثاثوں کو سامنے لایا : عبدالعلیم خان
May 9, 2016
لاہور (92نیوز) تحریک انصاف کے رہنما علیم خان نے کہا ہے کہ عمران خان کا ساتھ دینے کی وجہ سے حکومت ان کے خلاف پروپیگنڈہ کروا رہی ہے۔ ان کی ڈکلیئرڈ کمپنیوں اور اثاثوں کو لے کر میڈیا ٹرائل کیا گیا، وہ اپنے اثاثے پاکستان منتقل کرنے کو تیار ہیں۔ وزیراعظم بھی اپنے بچوں کو دولت پاکستان لانے کا کہیں۔ تفصیلات کے مطابق علیم خان نے لاہور میں پریس کانفرنس کی اور سوال کیا کہ کیا پاناما لیکس کو علیم خان کے علاوہ اور کوئی کام نہیں کہ وہ ان کی ڈکلیئرڈ کمپنی کو تین بار لیکس بنا کر سامنے لے آئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی جس کمپنی کو بنیاد بنا کر ان کا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے، وہ الیکشن کمیشن اور ایف بی آر سمیت ہر جگہ ڈکلیئرڈ ہے۔ انہوں نے لندن میں اپنے چار فلیٹس کو کبھی بھی خفیہ نہیں رکھا۔ وہ ایک ایک پائی کا حساب دینے کو تیار ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف عمران خان کے شانہ بشانہ چلنے کی وجہ سے انہیں اور جہانگیر ترین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ پنجاب میں آٹھ سال سے نون لیگ کی حکومت ہے۔ اگر انہوں نے کرپشن یا زمینوں پر قبضے کیے ہیں تو ان کے خلاف اب تک کوئی کارروائی کیوں نہیں کی گئی۔ علیم خان نے اپنے بیرون ملک اثاثوں اور کمپنیوں کی دستاویزات بھی میڈیا کے سامنے پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود کو احتساب کیلئے پیش کرتے ہیں لیکن وزیراعظم اور ان کے خاندان کے بعد ان سے حساب لیا جائے۔