Tuesday, April 23, 2024

پاناما لیکس کا دوسرا دھماکہ، کراچی کے ایک سو ترپن اور لاہور کے ایک سو آٹھ افراد آف شور کمپنیوں کے مالک

پاناما لیکس کا دوسرا دھماکہ، کراچی کے ایک سو ترپن اور لاہور کے ایک سو آٹھ افراد آف شور کمپنیوں کے مالک
May 10, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) دولت کے ڈھیر اپنے ہم وطنوں سے چھپانے والوں میں کراچی اور لاہور کے بھی بڑے نام سامنے آگئے۔ پاناما پیپرز کے مطابق کراچی کے 153 افراد کی آف شور کمپنیاں ہیں، اسی طرح لاہور میں آف شور کمپنیوں کے مالکان کی تعداد ایک سو آٹھ ہے۔ پاناما لیکس کے دوسرے دھماکے میں لاہور اور کراچی کے کئی علاقے سامنے آگئے جہاں کے مکین چھپ چھپا کر آف شور کمپنیوں کی سرپرستی کرتے رہے۔ رپورٹ کے مطابق کراچی کے 153افراد کی آف شور کمپنیاں ہیں ان میں سے سب سے بڑی تعداد ڈیفنس میں رہتی ہے جن کی تعداد 56 ہے۔ اسی طرح قریبی آبادی کلفٹن میں ایسے 35 افراد موجود ہیں۔ کراچی کی کے ڈی اے اسکیم ون میں انیس افراد کی آف شور کمپنیاں ہیں۔ لاہور میں آف شور کمپنیوں کے مالکان کی تعداد ایک سو آٹھ ہے۔ ان میں سے سب سے زیادہ یعنی انیس گلبرگ میں جبکہ اٹھارہ ڈی ایچ اے لاہور میں رہتے ہیں۔ لیکس کے مطابق کامران بلاک، اقبال ٹاؤن، گلبرگ ٹو اور تھری، ماڈل ٹاؤن، سرور روڈ، سید مراتب علی روڈ، نشیمن اقبال ہاؤسنگ سوسائٹی، ٹیک سوسائٹی، کینال بینک روڈ، شادمان کالونی اور لارنس روڈ کے چند مکین شامل ہیں۔