Wednesday, April 24, 2024

پاناما لیکس کا دوسرا دھماکہ‘ 2لاکھ آف شور کمپنیوں کا بھانڈا پھوٹے گا

پاناما لیکس کا دوسرا دھماکہ‘ 2لاکھ آف شور کمپنیوں کا بھانڈا پھوٹے گا
April 27, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) دنیا بھر کی سیاست میں ہلچل مچانے کے بعد پاناما لیکس کی دوسری قسط جاری ہونے کو ہے جس نے کئی ممالک میں سیاسی بھونچال پیدا کر دیا ہے۔ موزیک فرانسیکا نامی کمپنی سے دوسری لیکس نو مئی کو جاری ہوں گی جس میں مزید دو لاکھ آف شور کمپنیوں کا بھانڈا پھوڑا جائے گا۔ سیاستدان دل تھام لیں کیونکہ اصل لیکس تو اب شروع ہونگی۔ پاناما لیکس نے دنیا بھر میں سیاسی درودیوار ہلا کر رکھ دیئے۔ سیاست میں طوفان ہے کے تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا لیکن پاناما لیکس کی اصل کہانی تو اب شروع ہونے کو ہے جب نو مئی کو لیکس کا دوسرا حصہ سیاسی طوفان لائے گا۔ مزید دو لاکھ آف شور کمپنیوں کی تفصیلات جاری کی جائیں گی۔ ریلیز کیا جانے والا ڈیٹا پہلے سے سامنے لائے گئے ڈیٹا سے بھی زیادہ ہو گا۔ ڈیٹا میں دو سو ممالک کے لوگوں کے نام شامل ہوں گے جنہوں نے ٹیکس سے بچنے کے لئے کمپنیاں اور فاونڈیشنز بنا رکھی ہیں۔ فہرست میں درجنوں پاکستانی سیاستدانوں، کاروباری شخصیات کے نام بھی شامل ہونے کا امکان ہے۔ آف شور کمپنیوں کے پیچھے چھپے لوگوں کے بارے میں بھی معلومات ہوں گی۔ انٹرنیشنل کنسورشیم آف انوسٹیگیٹو جرنلسٹس کے مطابق لیکس میں ایک لاکھ ایڈیشنل کمپنیوں کا بھی ذکر کیا جائے گا جو دو ہزار تیرہ میں موجود تھیں۔ آئی سی ای جے کے مطابق  ذاتی معلومات جاری نہیں کی جائیں گی جس میں بنک اکاونٹس نمبر، ٹرانزیکشنز، ای میل، پاسپورٹس اور ٹیلی فون نمبر شامل ہیں، صرف مخصوص معلومات دی جائیں گی۔