Saturday, April 20, 2024

پاناما لیکس پر تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا دیا

پاناما لیکس پر تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا دیا
August 29, 2016
اسلام آباد (92نیوز) عمران خان نے وزیراعظم کی نااہلی کےلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وزیراعظم صادق و امین نہیں رہے انہیں نااہل قرار دیا جائے۔ نوازشریف کی بیماری اور لندن میں خفیہ علاج پر بھی سوال اٹھائے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان کی جانب سے درخواست ان کے وکیل نعیم بخاری نے جمع کرائی۔ شریف فیملی کی ٹیکس ادائیگی بھی درخواست کا حصہ ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شریف خاندان کی کمپنیوں نے تیس سال میں صرف 27 لاکھ روپے ٹیکس دیا جبکہ 1999ءسے 2009ءتک ٹیکس ریٹرن فائل نہیں کیے۔ شریف خاندان کے اثاثوں کی مالیت اربوں روپے سے زائد ہے۔ درخواست میں نواز شریف کی بیماری اور لندن میں خفیہ علاج پر بھی سوال اٹھائے گئے ہیں اور کہا گیا ہے کہ اثاثے چھپانے والے نواز شریف صادق و امین نہیں رہے۔ انہوں نے ٹیکس کی غلط معلومات دے کے عدالتوں کو گمراہ کیا۔ عمران خان نے استدعا کی ہے کہ نواز شریف‘ کیپٹن صفدر اور اسحاق ڈار کوقومی اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دیا جائے جبکہ شریف فیملی کے آف شور کمپنیوں کے مالکان کا نام ای سی ایل میں ڈال کر نیب کو وزیر اعظم کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے جبکہ ایف بی آر کو شریف خاندان کے ٹیکس اور اثاثوں کی سکروٹنی کا حکم دیا جائے۔