Friday, March 29, 2024

پاناما لیکس  : ٹی او آرز کی تیاری کیلئے قائم پارلیمانی کمیٹی میں ڈیڈلاک ختم نہ ہوسکا

پاناما لیکس  : ٹی او آرز کی تیاری کیلئے قائم پارلیمانی کمیٹی میں ڈیڈلاک ختم نہ ہوسکا
May 27, 2016
اسلام آباد(92نیوز)پاناما انکشافات کے ٹی او آرز کی تیاری کے لئے قائم پارلیمانی کمیٹی میں ڈیڈلاک پیدا ہو گیا،حکومت نے اپوزیشن کے ٹی او آرزمسترد کر دیئے، اپوزیشن نے بھی پیچھے ہٹنے سے انکار کر دیا، شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ معاملات ایک انچ آگے نہیں بڑھ سکے۔ تفصیلات کےمطابق ٹی او آرز سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے دوران حکومت نے اپوزیشن کی ٹی او آرز مسترد کر دیں حکومتی اراکین کا موقف تھا کہ اپوزیشن کی ٹی او آرز معاملے کا درست احاطہ نہیں کرتیں اس لئے اپوزیشن کو نئی تجاویزپیش کرنی چاہیئں۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اعتزاز احسن نے کہا کہ اپوزیشن کے ٹی اوآرز جامع ہیں،ان کے بغیر تحقیقات مکمل نہیں ہو سکتیں، نواز شریف کا نام انکوائری سے نکالنے کا عندیہ نہیں دیا،حکومت کے ساتھ ڈیڈ لاک کی کیفیت ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایک انچ بات آگے نہیں بڑھی اپوزیشن اپنےموقف سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹی، معاہدہ ہو گا تومکمل نکات پر اتفاق رائےسے ہو گا ورنہ  ابتدائیہ پر اتفاق رائے بھی ختم سمجھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سے کہا ہےکہ  وہ اپوزیشن کے پندرہ ٹی او آرز میں اضافہ کر سکتی ہے، اگر ٹی او آرز پر معاہدہ ہو گیا تو تحقیقات کے لئےکمیشن کو بھجوائے جانے والے ناموں پر بھی اتفاق ممکن ہے، کمیٹی کا اجلاس پیر کی شام دوبارہ ہو گا۔