Wednesday, April 24, 2024

پاناما لیکس میں مونس کا نام وزیراعظم سیل نے شامل کرایا : پرویز الٰہی

پاناما لیکس میں مونس کا نام وزیراعظم سیل نے شامل کرایا : پرویز الٰہی
May 10, 2016
لاہور (92نیوز) سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ان کے بیٹے کی کوئی آف شور کمپنی نہیں ہے۔ حکمرانوں کی میڈیا ٹیم نے زبردستی نام شامل کروایا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ قاف کے مرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاناما لیکس کی اصل فہرست میں مونس الٰہی کا نام نہیں ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کی میڈیا ٹیم نے ان کے بیٹے کا نام زبردستی شامل کروایا ہے۔ کوئی مونس کی کمپنی کے پیسے لے آئے وہ ان پیسوں کو لوگوں میں تقسیم کر دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمران جتنی محنت نام زبردستی شامل کرنے میں لگا رہے ہیں اتنی محنت اپنا نام پاناما لیکس سے نکلوانے کے لیے لگائیں۔ پرویزالٰہی نے کہا شہباز شریف کہتے تھے کہ آصف علی زرداری کرپٹ ہے اور اقتدار میں آ کر ان کے پیٹ سے پیسے نکلوائیں گے لیکن جب سابق صدر ان کے گھر گئے تو وہ انہیں انڈے اور کوفتے پیش کرتے رہے۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب پر 16 افراد کے قتل کا الزام ہے اور یہ خون رائیگاں نہیں جائے گا۔