Thursday, April 25, 2024

پاناما لیکس معاملہ، اپوزیشن کی پارلیمانی جماعتوں کا پارلیمنٹ میں احتجاج جاری رکھنے پر اتفاق

پاناما لیکس معاملہ، اپوزیشن کی پارلیمانی جماعتوں کا پارلیمنٹ میں احتجاج جاری رکھنے پر اتفاق
May 10, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) پاناما لیکس معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں خورشید شاہ کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اپوزیشن کی پارلیمانی جماعتوں کا پارلیمنٹ میں احتجاج اس وقت تک جاری رکھا جائے گا جب تک وزیراعظم پارلیمنٹ اور دونوں ایوانوں میں آکر وضاحت نہیں دیتے۔ اعتزازاحسن کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ وزیراعظم راہ فرار اختیار نہیں کریں گے۔ پاناما لیکس کی نئی قسط کے بعد بھی کسی کو اعتراض ہے تو عالمی عدالت سے رجوع کریں۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ایوان میں وزیراعظم خود آکر وضاحت دیں۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم جمعہ کے دن آئیں گے، ایوان میں ان کا انتظار کریں گے، ہم تو میاں صاحب کو پرچہ بھی آؤٹ کر کے دے رہے ہیں۔ میڈیا کے توسط سے سوالنامہ جاری کریں گے تاکہ وزیراعظم تیاری کر کے ایوان میں آئیں۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ جمہوریت کی خوبصورتی ڈائیلاگ ہے۔ اگر ڈائیلاگ نہیں تو جمہوریت کیسی۔ ہم جمہوریت کی مضبوطی کی کوشش کر رہے ہیں۔