Tuesday, May 7, 2024

پاناما لیکس : حکومت کا انکوائری کمیشن کے ٹی او آرز میں تبدیلی سے انکار

پاناما لیکس : حکومت کا انکوائری کمیشن کے ٹی او آرز میں تبدیلی سے انکار
April 26, 2016
اسلام آباد (92نیوز) اپوزیشن کے دباو پر حکومت بھی ڈٹ گئی۔ وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے صاف صاف کہہ دیا کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن کے ٹرمز آف ریفرنس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے غیررسمی گفتگو میں وزیر قانون زاہد حامد نے انکوائری کمیشن کے ٹرمز آف ریفرنس میں تبدیلی کو خارج از امکان قرار دیا ہے۔ زاہد حامد کا کہنا تھا کہ ٹرمز آف ریفرنس اپوزیشن جماعتوں کے مطالبات کو مدنظر رکھ کر ہی تشکیل دیے گئے ہیں۔ اب صرف تنقید برائے تنقید کی جا رہی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کے پاس کوئی تجویز ہے تو سامنے لائے۔ وزیر قانون نے کہا کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو یہ نہیں کہا جاسکتا کہ کس کا احتساب کریں اور کس کا نہیں۔ انکوائری کمیشن پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے مکمل بااختیار ہے۔ زیر مملکت انوشہ رحمن بولیں کہ عمران خان شیروانی پہننے کے علاوہ کسی بھی طرح مطمئن نہیں ہوں گے۔ اس سے قبل انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں الیکشن کمیشن کے ارکان کے تقرر کا طریقہ کار زیر بحث آیا۔ جون میں الیکشن کمیشن کے ارکان کا تقرر نئے طریقہ کار سے ہو یا پھر موجودہ طریقے سے ہی؟ کمیٹی نے اس پر تمام سیاسی جماعتوں سے رائے مانگ لی ہے۔ ارکان پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جاری کرنے کے لیے کمیٹی نے قانون میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔