Thursday, April 25, 2024

پاناما لیکس : اپوزیشن جماعتوں نے قانون سازی کیلئے بل کا مسودہ سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرادیا

پاناما لیکس : اپوزیشن جماعتوں نے قانون سازی کیلئے بل کا مسودہ سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرادیا
August 31, 2016
اسلام آباد(92نیوز)پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے اپوزیشن جماعتوں نے قانون سازی  کے لئے بل کا مسودہ سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرادیا۔ اعتزازاحسن کہتے ہیں کہ وزیراعظم اور ان کے بچوں کے نام پاناما لیکس میں آچکے اب وہ خود قانون تجویز کریں یہ ممکن نہیں اپوزیشن کا بل منظورکرکے سپریم کورٹ کے ججز سے تحقیقات کرائی جائیں۔ سینیٹ سیکرٹریٹ میں بل جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےاعتزاز احسن کا کہناتھا کہ  بل مشترکہ اپوزیشن کی جانب سے جمع کرایاگیاہے۔ بل میں کسی سے امتیاز نہیں برتا گیا اپوزیشن کا بل  پاکستان کا سرمایہ خفیہ طریقے سے باہر بھجوانے والوں کے خلاف ہے۔ اعتزاز احسن کا کہنا تھا  کہ حکومت چاہتی ہے چھپائے گئے سرمائے کے حوالےسے  ایسا قانون ہو جس سے اس کا سراغ نہ لگایا جا سکے ، اپوزیشن نےفرانزک آڈٹ تجویز کیا ہےامید ہے حکومت  یا کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا ۔ اپوزیشن کے تجویز کردہ بل کے تحت چیف جسٹس سپریم کورٹ سے پاناما لیکس کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے کمیشن مکمل بااختیار ہو گا۔انکوائری کمیشن کو فوجداری اور دیوانی اختیارات حاصل ہوںگے۔ تمام حکومت ادارے اور ایجنسیاں کمیشن کی معاونت کی پابند ہوںگی۔ وزیراعظم سمیت پاناما لیکس میں شامل تمام شخصیات اور ان کے اہل خانہ کمیشن میں پیش ہونے کے پابند ہوں گے۔