Monday, May 6, 2024

پاناما سٹی: براک اوباما کی کیوبا کے صدر راؤل کاسترو سے ملاقات

پاناما سٹی: براک اوباما کی کیوبا کے صدر راؤل کاسترو سے ملاقات
April 12, 2015
پانامہ سٹی (ویب ڈیسک) امریکی صدر براک اوباما نے کیوبا کے صدر راؤل کاسترو سے کئی عشروں کی کشیدگی اور مخاصمت ختم کر کے تعلقات میں بہتری کیلئے ملاقات کی ہے۔ براعظم امریکا کے ممالک کی سربراہ کانفرنس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں اوباما اور راؤل کاسترو نے تعلقات میں بہتری لانے پر اتفاق کیا۔ اوباما نے کہا یہ ملاقات یقیناً تاریخی ہے۔ امریکا اور کیوبا کی تاریخ بہت پیچیدہ ہے اور سالہا سال سے بداعتمادی بڑھی لیکن پچھلے چند ماہ سے رابطوں کے نتیجے میں دونوں ممالک کی پالیسیاں اور تعلقات تبدیل ہوئے ہیں اور دونوں ممالک سرد جنگ کے دنوں کی دشمنی ختم کر سکتے ہیں۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنما خوشگوار لیکن کاروباری لوگوں کے موڈ میں دکھائی دیئے اور بعض مواقع پر ایک دوسرے کی باتوں پر مسکراتے بھی رہے۔ کاسترو کا کہنا تھا وہ امریکا کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کیلئے اقدامات کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا وہ ہر مسئلہ پر بات کرنے کو تیار ہیں لیکن اس کیلئے صبر سے کام لینا ہوگا جبکہ اوباما کا کہنا تھا وہ انسانی حقوق کے مسئلہ پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔