Friday, May 3, 2024

پالی کیلے ٹیسٹ: یونس اور شان کی سنچریوں کی بدولت پاکستان کی پوزیشن مضبوط

پالی کیلے ٹیسٹ: یونس اور شان کی سنچریوں کی بدولت پاکستان کی پوزیشن مضبوط
July 6, 2015
پالی کیلے(92نیوز)پاکستان نے پالی  کیلے ٹیسٹ میں سری لنکا کے خلاف مضبوط بلے بازی کا مظاہرہ  کرکے  میچ کو انتہائی دلچسپ بنادیا، قومی ٹیم کومیچ اورسیریز جیتنے کے لئے تین سو ستتررنز کاہدف ملا اوراس نے یونس خان اورشان مسعود کی سنچریوں کی بدولت دو سو تیس رنز بنالئےہیں۔ تفصیلات کے مطابق پالے کیلے میں جاری ٹیسٹ میچ سنسنی خیزمرحلے میں داخل ہوگیا،چوتھے روزکا کھیل ختم ہوا پاکستان نے دووکٹوں کے نقصان پردوسوتیس رنز بنالئے،پاکستان کو اب میچ اورسیریزجیتنے کے لئے مزیدایک سوسینتالیس رنزدرکارہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان نےہدف کا تعاقب شروع کیا تو احمد شہزاد دوسرے اوورکی تیسری ہی گیند پرصفرپربولڈ ہو گئے، وہ حالیہ سیریز میں صرف ایک نصف سنچری ہی اسکورکرپائےہیں۔ اظہرعلی پانچ رنز بنا کر دھامیکا پرساد کا شکاربنےتو تیرہ رنز پردووکٹیں گرگئیں۔ اس کے بعد شان مسعود اور یونس خان نے بیٹنگ لائن کوسہارا دیا اورکئی ریکارڈ توڑ ڈالے، دونوں کے درمیان پاکستان کی طرف سے چوتھی اننگزکی دوسو سترہ رنزکی سب سے بڑی پارٹنرشپ بنی۔ پہلے شان مسعود نے کریئرکی پہلی سنچری مکمل کی اورپھریونس خان نے سنچری اسکورکرڈالی، یہ ان کی ٹیسٹ کریئرمیں تیس ویں اورفرسٹ  کلاس کی  پچاس ویں سنچری تھی۔ اس سے پہلے سری لنکن ٹیم دوسری اننگز میں اینجلو میتھیوزکی سنچری کی بدولت تین سو تیرہ رنز بناکرآؤٹ ہوگئی اور عمران خان نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔