Sunday, September 8, 2024

شدید دھند کے باعث بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل

شدید دھند کے باعث بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل
January 23, 2016
راولپنڈی (92نیوز) جاڑا جاتے جاتے ٹھہر گیا اور کڑاکے کی سردی سے شہریوں کی قلفی جمنے لگی۔ اسکردو میں پارہ نقطہ انجماد سے بارہ درجے نیچے آ گیا۔ میدانی علاقوں میں دھند کے مارے شہری سورج کو ترسنے لگے جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید دھند پڑنے کی پیشگوئی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق میدانی علاقوں میں دھند اندھا دھند پڑنے لگی۔ صبح اور شام کے اوقات میں پڑنے والی گہری دھند پر بادلوں کا گماں ہونے لگا ہے جس نے لوگوں کی نقل و حرکت محدود کر دی ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں سورج کئی روز سے شہریوں سے روٹھا ہواہے اور دھوپ نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو کڑاکے کی سردی برداشت کرنا پڑ رہی ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں دھند کے باعث پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوا۔ ٹرینیں‘ بسیں اور ویگنیں بھی دھند کی لپیٹ میں آئی ہوئی ہیں جس سے انتہائی مجبوری میں سفر کرنے والے کئی گھنٹے تاخیر سے منزل پر پہنچ رہے ہیں۔ پشاور ڈویژن میں بھی دھند نے ہر شے دھندلا دی ہے۔ رہی سہی کسر بجلی اور سوئی گیس کی کمی نے پوری کردی۔ میدانی علاقوں میں مزید دھند پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جس سے خشک اور شدید سردی کا جلد ختم ہونے کا امکان نہیں۔ ادھر کوئٹہ ، زیارت اور قلات سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدید سردی نے قلفی جمادی۔ کئی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے نیچے آیا ہوا ہے۔ سندھ میں سردی پھر زور پکڑنے لگی۔ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت تیرہ اور حیدر آباد میں گیارہ رہا جس پر جاڑے کو الوداع کہنے والوں کو پھر گرم کپڑے نکالنے پڑے۔ گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں کہیں بارش اور برف باری وقفے وقفے سے جاری ہے۔ رگوں میں خون جماد ینے والی سردی نے لوگوں کو گھروں تک محدود کر دیا ہے۔