Saturday, May 4, 2024

پارکوں کے نہر خیام سے قبضے ہٹانے کے معاملے پر میئر کراچی کو نوٹس جاری

پارکوں کے نہر خیام سے قبضے ہٹانے کے معاملے پر میئر کراچی کو نوٹس جاری
May 10, 2019
 کراچی (92 نیوز) سپریم کورٹ نے پارکوں کے تحفظ اور نہر خیام سے قبضے ہٹانے کےمعاملے پر میئرکراچی وسیم اختر اور ایڈوکیٹ جنرل سندھ سمیت دیگر کو نوٹس جاری کردیئے۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں پارکوں کے تحفظ اور نہر خیام سے قبضے ہٹانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ لفٹن میں رہائشی پلاٹس پر 12 سے زائد اسکولز اور دیگر کاروبار کیے جا رہے ہیں۔ نہر خیام پر بھی قبضہ ابھی تک ختم نہیں کرایا گیا۔ عدالت نے مئیر کراچی وسیم اختر، ایڈووکیٹ جنرل سندھ سمیت دیگر کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر لیا۔ سپریم کورٹ  میں دو تلوار کے نزدیک ملٹری لینڈ پر  کمرشل تعمیرات کیس کی بھی سماعت ہوئی۔ اٹارنی جنرل پاکستان انور منصور خان نے رپورٹ پیش کر دی اور بتایا کہ اراضی پر کمرشل تعمیرات کی اجازت منسوخ کر رہے ہیں۔ عدالت کو یقین دلاتے ہیں کسی قسم کی کمرشل تعمیرات نہیں کی جائیں گی۔ اٹارنی جنرل کے بیان کے بعد عدالت نے درخواست نمٹا دی۔ اکبر روڈ پر قائم موسیٰ بلڈنگ کی ملکیت کے تنازعے کے معاملے کی بھی سماعت ہوئی۔ عدالت نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو ایک ماہ میں تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ سپریم کورٹ نے عدالتی فیصلے پر من و عن عمل درآمد کرنے کا بھی حکم دیا۔