Thursday, May 9, 2024

پارک لین کیس ، آصف زرداری کی معاونت کرنیوالا ملزم وعدہ معاف گواہ بن گیا

پارک لین کیس ، آصف زرداری کی معاونت کرنیوالا ملزم وعدہ معاف گواہ بن گیا
October 15, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) سابق صدر اور شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری  کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ۔ پارک لین کیس میں سابق صدر کی معاونت کرنے والا ملزم وعدہ معاف گواہ بن گیا۔ پارک لین کیس میں آصف زرداری کی معاونت کرنیوالا سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس ای سی پی جاوید حسین وعدہ معاف گواہ بن گیا  ،  جسمانی ریمارنڈ مکمل ہونے پر ملزم جاوید حسین  کو احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر کے سامنے پیش کیا گیا۔ نیب پراسیکیوٹر نے ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ۔ جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے ملزم کو جوڈیشل ریمارنڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دیدیا۔ دوسری جانب آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پی پی رہنما خورشید شاہ  کو ریمانڈ مکمل ہونے پر سکھر کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا ۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کوبتایا کیا خورشید شاہ کے 3 بینک اکاؤنٹ مل گئے ہیں جس میں 28 کروڑ روپے ہیں، خورشید شاہ سے پوچھا کہ آمدن کے ذرائع بتائیں تو کہتے ہیں خاندان سے پوچھ لو،خورشید شاہ عوامی شخصیت ہیں ان کو جواب دینا ہو گا۔ نیب نے مزید تفتیش کے لیے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کی استدعا کی۔  عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد خورشید شاہ کے جسمانی ریمانڈ میں 6 روز کی توسیع کردی ادھر لیگی رہنما احسن اقبال  کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کی  نئی انکوائری کھول دی گئی ،چیئرمین نیب نے احسن اقبال کے خلاف انکوائری کی منظوری دیدی۔ نیب راولپنڈی کو فوری طور پر انکوائری کا حکم دیدیا گیا ، احسن اقبال کے خلاف پہلے بھی نارووال سپورٹس سٹی میں گھپلوں کی انکوائری چل رہی ہے۔