Friday, April 26, 2024

پارک لین کیس ، آصٖف زرداری اور بلاول بھٹو 20 مارچ کو طلب

پارک لین کیس ، آصٖف زرداری اور بلاول بھٹو 20 مارچ کو طلب
March 16, 2019
راولپنڈی ( 92 نیوز) پارک لین کیس میں باپ بیٹے کو ایک ساتھ طلب کر لیا گیا ۔ نیب راولپنڈی نے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کا 20 مارچ کو طلب کر لیا۔ سابق صدر اور ان کے صاحبزادے پر پارک لین کیس میں اربوں روپے کی ٹرانزیکشن جعلی بینک اکاؤنٹس سے کئے جانے کا الزام ہے ۔ نیب راولپنڈی کی تفتیشی ٹیم پارک لین کمپنی کیس سے متعلق سوالنامہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کے حوالے کرے گی۔ ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے پارک لین کمپنی 1989 میں اپنے ایک فرنٹ مین اقبال میمن کے ذریعہ خریدی، 2009 میں آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کمپنی کے 25،25 فیصد کے شیئر ہولڈر بنے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری بطور کمپنی ڈائریکٹر اکاؤنٹ بھی استعمال کرتے رہے  ۔ 2008 میں پارک لین کمپنی کی دستاویزات پر آصف علی زرداری کے بطور ڈائریکٹر دستخط بھی موجود ہیں۔ پارک لین کمپنی نے قرضوں کی مد میں مختلف بینکوں سے اربوں روپے وصول کئے۔ نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے پارک لین کیس سے متعلق 100 سے زائد سوالوں پر مشتمل سوال نامہ تیار کر لیا ۔آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو تحریری جواب جمع کرانے کا کہا جائے گا۔ تحقیقاتی ٹیم دونوں کا بیان بھی قلمبند کرے گی۔