Friday, April 26, 2024

پارک لین ریفرنس میں آصف زرداری پر فرد جرم عائد

پارک لین ریفرنس میں آصف زرداری پر فرد جرم عائد
August 10, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) پارک لین ریفرنس میں آصف زرداری پر فرد جرم عائد  کر دی گئی ، سابق صدر نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔ آصف زرداری پر بلاول ہاؤس کراچی میں ویڈیو لنک کے ذریعے فردجرم عائد کی گئی ۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج اعظم خان نے ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے سماعت کی،سابق صدر آصف علی زرداری بلاول ہائوس کراچی سے ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہوئے۔

دوران سماعت آصف علی زرداری سمیت دیگرملزمان نے فرد جرم رکوانے کی استدعا کی، جسے عدالت نے مسترد کردیا۔سابق صدراپنے وکیل کی عدم موجودگی پراعتراض کرتے رہے۔

جج نے فرد جرم پڑھ کرسنائی جس میں کہاگیا ہے کہ آصف علی زرداری نے بدنیتی سے قرض لینے کے لئے فرنٹ کمپنی پارتھینون بنائی، انہوں نے بطور صدر پاکستان اثر انداز ہو کر قرض کی رقوم جاری کرائیں،وہ پارک لین کمپنی کے ڈائریکٹر تھے،فراڈ کا منصوبہ تیار کیا،غیر قانونی کام کوکور دینے کے لئے فرنٹ کمپنی بنائی،فراڈ سے حاصل رقم کو اپنے اکائونٹس میں منتقل کیا،پے آرڈرز کے ذریعے وہی رقوم جعلی اکاؤنٹس میں ڈالیں۔

آصف علی زرداری نے صحت جرم سے انکارکرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام الزامات کو رد کرتے ہیں،وہ 30 سال سے مقدمات کا سامنا کررہے ہیں۔

عدالت نے ملزمان انور مجید،شیرعلی،فاروق عبداللہ،سلیم فیصل،محمد حنیف سمیت دیگر 13 ملزمان اور 3 کمپنیوں  پربھی فرد جرم عائد کردی  ۔ 3 ملزمان یونس قدوائی،عزیزنعیم اوراقبال میمن کے اشتہاری ہونے کی وجہ سے ان پرفرد جرم عائد نہ ہوسکی۔

نیب کی جانب سے 61 گواہان کی فہرست جمع کرائی گئی،عدالت نے ملزمان کے حاضر وکلا کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کرتے ہوئے 3 گواہان کو طلب کرلیا،دوبارہ سماعت یکم ستمبر کو ہوگی۔