Thursday, May 9, 2024

پارک لین ریفرنس، آصف زرداری پر فرد جرم کی کارروائی موخر

پارک لین ریفرنس،  آصف  زرداری  پر فرد جرم کی کارروائی موخر
July 6, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) پارک لین ریفرنس میں  آصف  زرداری  پر فرد جرم کی کارروائی موخر کر دی گئی ۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آصف علی زرداری کی درخواست پر 14 جولائی کو دلائل طلب کرلیے۔

پارک لین کیس میں فرد جرم سے پہلے نیا موڑ آگیا،احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے پارک لین ریفرنس کی سماعت کی۔ آصف علی زرداری وڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے اور ان کی حاضری لگائی گئی ۔

ویڈیو لنک پر جج چارج شیٹ پڑھ کر سنانے ہی والے تھے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائک نے کہا یہ فرد جرم عائد ہو ہی نہیں سکتی ۔ معاملہ قرض واپس نہ کرنے کا تھا تو نوٹس گورنر اسٹیٹ بنک نے بھیجنا تھا ، زرداری کو کوئی نوٹس نہیں بھیجا گیا  ، نیب کا تو یہ کیس بنتا ہی نہیں  ، ساتھ ہی فرد جرم روکنے کی تحریری درخواست بھی دے دی۔

جج نے ریمارکس دیے کہ آپ عین اس دن درخواست دائر کر رہے ہیں جب سب چیزیں تیار ہیں اور فرد جرم عائد کرنی ہے  ۔ نیب نے بھی فاروق نائیک کے موقف کی مخالفت کی۔

پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے کہا  ہمارا کیس قرض ڈیفالٹ کا نہیں، اختیار کے غلط استعمال اور کرپشن کا ہے۔ فاروق نائیک کی درخواست پر آج ہی آدھے گھنٹے بعد جواب دیتے ہیں، آج ہی فرد جرم عائد کی جائے۔ الزام عائد کیا فاروق نائیک منصوبے کے تحت تاخیری حربے اپنا رہے ہیں۔

عدالت نے کیس ایک دو دن تک ملتوی کرنے کا کہا تو فاروق نائیک اس پر بھی نہ مانے  ،  قسم اٹھا کر کہہ دیا دو دن سپریم کورٹ ہوں گا ۔ اس پر عدالت نے سماعت چودہ جولائی تک ملتوی کر دی  ۔ آئندہ سماعت فرد جرم کی کارروائی کیخلاف دائر درخواست پر نیب سے جواب طلب کر لیا ۔

دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر اور فاروق ایچ نائیک کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

سماعت کے بعد فاروق ایچ نائیک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  آصف زرداری 2005 سے پارک لین کمپنی کے ڈائریکٹر نہیں،  پارتھینون سے تو آصف علی زرداری کا کوئی تعلق ہی نہیں،  بینک نے جان بوجھ کر ڈیفالٹ کرنے پر بینکنگ کورٹ میں کیس دائر کر رکھا ہے۔

 فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک گورنر کی جانب سے کوئی نوٹس جاری نہیں ہوا،  ہم نے درخواست دی ہے کہ احتساب عدالت کو یہ کیس چلانے کا اختیار ہی نہیں،  آصف زرداری نے کوئی قرضہ نہیں لیا،  جس کمپنی نے قرضہ لیا اس سے آصف زرداری کا کوئی تعلق نہیں۔

فاروق ایچ نائیک نے  کہا کہ  آصف زرداری کو متعدد بیماریاں ہیں،  ڈاکٹرز نے بیماری اور عمر کی وجہ سے اسپتال سے گھر بھجوا دیا ہے۔