Thursday, April 18, 2024

پارٹی رہنمائوں نے آصف زرداری کے الیکشن لڑنے کی مخالفت کر دی

پارٹی رہنمائوں نے آصف زرداری کے الیکشن لڑنے کی مخالفت کر دی
January 3, 2017

اسلام آباد (92نیوز) آصف علی زرداری کے الیکشن لڑنے کے فیصلے کی پارٹی کے اندر ہی مخالفت ہو گئی۔ رہنماﺅں نے مشورہ دیا ہے کہ پانچ سال صدر رہ چکے ہیں۔ ایوان سے باہر بیٹھ کر رہنمائی کریں۔ پہلے مرحلے میں صرف بلاول بھٹو زرداری کو ہی پارلیمانی سیاست میں اتارا جائے۔

تفصیلات کے مطابق ڈیڑھ سال بعد 23دسمبر کو سابق صدر آصف علی زرداری وطن واپس آئے۔ آتے ہی اعلان کیا کہ 27دسمبر کو سرپرائز دونگا ۔ پھر 27دسمبر کو بینظیر بھٹو شہید کی نویں برسی پر گڑھی خدابخش میں جلسے سے خطاب کے دوران سرپرائز دیا کہ وہ اور بلاول بھٹو زرداری الیکشن لڑیں گے اور موجودہ پارلیمنٹ کا ہی حصہ بنیں گے لیکن شاید پارٹی کے رہنماﺅں کو ان کا یہ انداز سیاست کچھ زیادہ نہیں بھایا اسی لئے تو انہوں نے سابق صدر کے پارلیمنٹ میں جانے کی مخالفت کردی اور انہیں مشورہ دے ڈالا کہ وہ ابھی پارلیمانی سیاست میں مت جائیں۔

ان کے پارلیمنٹ میں آنے سے سیاسی فائدہ کم اور نقصان زیادہ ہوگا۔ ذرائع کے مطابق پارٹی رہنماﺅں کا یہ بھی کہنا ہے کہ آصف علی زرداری 5سال صدر رہ چکے ہیں۔ پارلیمنٹ سے باہر بیٹھ کر ہی رہنمائی کریں۔

پہلے مرحلے میں صرف بلاول بھٹو زرداری کو ہی پارلیمانی سیاست میں اتارا جائے اور انہی کی قیادت میں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر پیپلزپارٹی کو بھرپورانداز میں ڈلیور کرنے دیا جائے۔ رہنماﺅں نے یہ بھی تجویز دی ہے کہ پارلیمنٹ میں آنے کے فیصلے کا ایک بار پھر جائزہ لیا جائے۔