Thursday, April 18, 2024

پارلیمینٹیرین کے گستاخانہ ٹویٹ پر ڈچ سفیر کی دفترخارجہ طلبی،احتجاجی مراسلہ تھمادیا

پارلیمینٹیرین کے گستاخانہ ٹویٹ پر ڈچ سفیر کی دفترخارجہ طلبی،احتجاجی مراسلہ تھمادیا
October 25, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) ہالینڈ پارلیمنٹیرین کےگستاخانہ ٹویٹ پر ڈچ سفیر کی دفترخارجہ طلبی کی گئی ، سیکرٹری خارجہ  تہمینہ جنجوعہ نے احتجاجی مراسلہ تھما دیا ۔پاکستانی عوام اورحکومت کے تحفظات سے آگاہ کیا۔ ہالینڈ کے بدنام زمانہ پارلیمنٹرین گریٹ ولڈرز کی گستاخانہ ٹویٹس کے معاملے  پر ہالینڈ کے سفیر کودفتر خارجہ طلب کیا گیا جہاں پاکستان نے اپنا شدید احتجاج ریکارڈ کروایا اور سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے ہالینڈ کے سفیر کو احتجاجی مراسلہ تھمایا۔ ترجمان دفتر خارجہ  کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے معاملے پر شدید تشویش کا اظہار کیا، سیکرٹری خارجہ نے پاکستانی عوام اور حکومت کے تحفظات سے ڈچ سفیر کو آگاہ کیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈچ سفیر سے کہا گیا کہ ان کے پارلیمنٹیرین نے کروڑوں  مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے،ڈچ پارلیمنٹرین جان بوجھ کر مسلسل مسلمانوں کے جذبات سے کھیل رہے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ  ڈچ سفیر کو باور کرایا گیا کہ  آزادی اظہار رائےکے نام پر ایسی مکروہ حرکات  کی اجازت نہیں دی جانے چاہئے ،  ایسے واقعات جذبات کو بھڑکانے، عدم برداشت، نفرت اور تشدد کا باعث بنتے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ڈچ سفیر نے پاکستان کی حکومت اور عوام کے تحفظات ڈچ حکام تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی ۔