Thursday, May 9, 2024

پارلیمنٹ کی سکیورٹی فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 40 اہلکاروں نے سنبھال لی

پارلیمنٹ کی سکیورٹی فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 40 اہلکاروں نے سنبھال لی
October 5, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) پارلیمنٹ کی سکیورٹی سے رینجرز اہلکار چلے گئے اور ایف سی اہلکار آگئے ۔پارلیمنٹ کی سکیورٹی فرنٹیئرکانسٹیبلری کے 40 تربیت یافتہ جوانوں نے سنبھال لی ۔100کے قریب پولیس کمانڈوز بھی تعینات ہیں۔
دواکتوبر کواحتساب عدالت میں رینجرز کی تعیناتی پر شور اٹھا جس سے معاملہ گرم ہوا کہ رینجرز کو کس نے بلایا ؟کسی نے ابھی تک ذمہ داری قبول نہیں کی۔
رینجرز تعیناتی کا معاملہ ٹھیک 2دن بعد اس وقت پیچیدہ ہوگیا جب 4اکتوبر کورینجرز اہلکار پارلیمنٹ ہاﺅس کی سکیورٹی چھوڑ کرواپس چلے گئے۔ رینجرز کی جانب سے سکیورٹی کی ذمہ داریاں چھوڑنے کے بعد اب پارلیمنٹ ہاﺅس کی سکیورٹی کے تمام انتظامات ایف سی نے سنبھال لئے ہیں۔
ایف سی کے 40تربیت یافتہ اہلکار سکیورٹی پر مامور ہیں ۔ سکیورٹی انتظامات کی نگرانی ڈی ایس پی پارلیمنٹ سکیورٹی محمد عقاب کررہے ہیں۔پارلیمنٹ کے سیشن کے دوران 100کے قریب وفاقی پولیس کے اہلکار بھی تعینات رہیں گے۔ پولیس کے ہر کمانڈو کے ساتھ ایک ایف سی اہلکار ڈیوٹی دیگا ۔ ایف سی کو پارلیمنٹ کے سیشن سے 2گھنٹے قبل پوزیشن سنبھالنا ہوگی۔