Thursday, April 18, 2024

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس، الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور اوورسیز ووٹنگ کے بل منظور

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس، الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور اوورسیز ووٹنگ کے بل منظور
November 17, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور اوورسیز ووٹنگ کے بل منظور کرلیے گئے۔

حکومت الیکشن کے نظام میں بڑی تبدیلی لے آئی، جی ہاں اب الیکشن میں ٹھپہ نہیں بٹن دبے گا۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور اوورسیز ووٹنگ کے بل منظور کرلئے گئے۔

الیکشن ایکٹ سیکنڈ ترمیمی بل کی تحریک مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے پیش کی، الیکشن ایکٹ سیکنڈ ترمیمی بل کی تحریک کے حق میں 221، مخالفت میں 203 ووٹ آئے۔

اپوزیشن نے گنتی کا عمل چیلنج کیا، کہا حکومتی معاونین کو بھی گنتی میں شمار کیا گیا۔ اسپیکر کے حکم پر معاونین کو نشستوں پر بٹھا دیا گیا۔ اپوزیشن کے 12 ارکان غیر حاضر رہے۔

الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے متعلق ترمیم کی شق وار منظوری دی گئی، سینیٹر مشتاق احمد اور سینیٹر شیری رحمان کی ترامیم مسترد کردی گئیں۔

اپوزیشن نے دوبارہ گنتی کا مطالبہ پورا نہ ہونے پر واک آؤٹ کیا۔ حکومت نے تمام بل یکطرفہ طور پر منظور کرا لیے۔

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس میں فوجداری قانون ترمیمی بل 2021کی منظوری بھی دی گئی۔