Thursday, September 19, 2024

پارلیمنٹ میں صرف تماشا ہو رہا ہے: ڈاکٹر طاہر القادری

پارلیمنٹ میں صرف تماشا ہو رہا ہے: ڈاکٹر طاہر القادری
April 7, 2015
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے اپنی نااہلی سے برادر اسلامی ملک سعودی عرب کو بھی متنازعہ بحث کا موضوع بنا دیا۔ پارلیمنٹ میں صرف تماشا ہورہا ہے، حکمرانوں کو پورا سچ بولنے کی عادت نہیں۔ یمن کے مسئلہ پر حکومت پر انحصار نہ کیا جائے، فوج کے سپہ سالار قوم کو اصل حقائق اور لائحہ عمل سے آگاہ کریں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے ٹیلیفون پر براہ راست خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج امت مسلمہ کا اثاثہ ہے۔ کسی مسلم ملک پر حملہ میں شرکت سنگین غلطی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ مکة المکرمة اور مدینة المنورة کی حرمت جان سے زیادہ عزیز ہے تاہم سیاسی مسائل کو مسلک اور عقیدے سے الگ رکھا جائے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ حکمرانوں کی بلاسوچے سمجھے بیان بازی کی وجہ سے شکوک وشبہات نے جنم لیا اور اس حکومتی روئیے کے باعث یمن میں مقیم پاکستانیوں کے جان ومال کو بھی سنگین خطرات لاحق ہوئے جو بدستور قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران سعودی عرب کی مدد اور یمن کے مسئلہ پر کتنے سنجیدہ ہیں اس کا اندازہ قوم کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی پہلے دن کی کارروائی سے بخوبی ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یمن خانہ جنگی کا شکار ہے۔ سعودی عرب، پاکستان، ایران، ترکی سمیت تمام بااثر اسلامی ممالک کو مل کر تمام متحارب فریقین کو ایک میز پر بٹھانا چاہیے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل ڈھونڈنا چاہیے۔