Friday, April 19, 2024

پارلیمنٹ سے صدر کا خطاب ، اپوزیشن کا نعرے بازی کرنے کے بعد واک آؤٹ

پارلیمنٹ سے صدر کا خطاب ، اپوزیشن کا نعرے بازی کرنے کے بعد واک آؤٹ
August 20, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں صدر عارف علوی کے خطاب کے دوران اپوزیشن نے ہنگامہ شروع کر دیا۔ نعرے بازی کرنے کے تھوڑی دیر بعد واک آؤٹ کر گئی۔ صدر عارف علوی نے شور شرابے کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا قوموں کی زندگی میں مشکل حالات آتے رہتے ہیں۔ قوم نے ملکر دہشت گردی کو شکست دی، کورونا وائرس کا مقابلہ کیا۔ معیشت بہتر ہورہی ہے اس پر حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ آج ایسے راستے پر کھڑے ہیں جہاں سے ترقی کی راہ پر موڑا جاسکتا ہے۔ اگر کورونا نہ آتا تو پاکستان کی معیشت مستحکم ہو چکی ہوتی۔ زرمبادلہ کے ذخائر کورونا کے باوجود بڑھے ۔ محصولات میں بھی کورونا کے باوجود بڑھ گئے ہیں ۔ سٹاک ایکسچینج کے حوالے سے بھی عوام کو اطمینان ہے ۔ اسی وجہ وہ 40 ہزار کا فگر کراس کر گئے۔ صدر عارف علوی کا کہنا تھا ایم ایل ون اس ملک کا گیم چینجر ہو گا۔ دیامیر بھاشا ڈیم بھی ملک کے مستقبل کے لئے ضروری ہے ۔ کامیاب جوان پروگرام اور صحت سہولت کارڈ کے حوالے سے خیبر پختونخوا میں 100 فیصد کوریج ہو چکی ہے۔ پناہ گاہوں کا اہتمام بھی سیرت نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔ زراعت میں 2.3 فیصد اضافہ ہوا اور 280 بلین کا پیکج زرعی شعبے کو دیا۔ انہوں نے کہا کشمیر ایشو کو وزیراعظم نے اٹھایا اور واقعی کشمیر کا سفیر بن کے وزیراعظم نے دکھایا مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی اقدامات کو ہم مسترد کرتے ہیں اور بھارتی ہتھکنڈوں کی مذمت کرتے ہیں۔ بھارت کے شہریت قانون سے خود انڈیا میں تناؤ آگیا ہے جسے ہم اچھا نہیں سمجھتے۔ ہندوستان نے جنیوا کنونشن، انسانی حقوق چارٹر، شملہ معاہدہ اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی۔ ہندوتوا انتہاء پسندی زیادہ دیر نہیں چل سکتی۔ صدر عارف علوی کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کشمیر جلد آزاد ہو گا۔ وزیراعظم نے واضح کہہ دیا کہ ہم اسرائیل کو تسلیم نہیں کرینگے۔ قائد اعظم کے ویژن کے مطابق فلسطینی ریاست کا قیام چاہتے ہیں ۔ ترکی، آذربائجان، ملائیشیا نے کشمیر پر ہمارا ساتھ دیا۔ ایران کا مشکور ہوں جنہوں نے کھل کر کشمیر پالیسی پر ہمارا ساتھ دیا۔ انہوں نے مزید کہا سعودی عرب اور پاکستان ایک دوسرے کی فکر کرنے والے دوست ملک ہیں۔ افغانستان میں بدامنی سے پاکستان متاثر ہوا۔ وہاں امن سے بھی فائدہ پاکستان کو ہو گا۔ ایف اے ٹی ایف سے متعلق پارلیمان نے قانون سازی کی پاک فوج، جوڈیشری، میڈیا، پارلیمان پاکستان کی ترقی کے لیے ایک صفحہ پر ہیں۔ نوجوان محنت کریں اور اپنے بزرگوں کی اقدار کو نہ چھوڑیں۔ پاکستان تاریخ میں پہلی بار اپنا روشن مستقبل دیکھ رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی میں پورے ایوان کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔