Monday, September 16, 2024

پارلیمنٹ اور پی ٹی وی حملہ کیس: پی ٹی آئی کے چھے رہنماؤں کی ضمانتیں منظور

پارلیمنٹ اور پی ٹی وی حملہ کیس: پی ٹی آئی کے چھے رہنماؤں کی ضمانتیں منظور
February 8, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) پارلیمنٹ اور پی ٹی وی حملہ کیس میں تحریک انصاف کے چھے رہنماؤں کی ضمانتیں منظور کر لی گئیں ۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے پارلیمنٹ اورسرکاری ٹی وی پر حملہ کیس کی سماعت کی ۔
تحریک انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی ، شفقت محمود ، عارف علوی ، اسد عمر اور شیریں مزاری عدالت میں پیش ہوئے ۔
پراسیکیوٹر چوہدری شفقات نے دلائل دیئے کہ 2014 کے دھرنے میں لوگوں کے قتل کی ذمہ داری بھی پی ٹی آئی قیادت پر آتی ہے ۔ تحریک انصاف کے رہنماء اپنے ساتھ مسلح لوگ لے کر آئے ۔ ملزمان کی عبوری ضمانت منسوخ کر کے گرفتاری کا حکم دیا جائے ۔
پراسیکیوٹر کے دلائل کے دوران شیریں مزاری توبہ توبہ کرتی رہیں ۔ پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ شیریں مزاری بھی قصور وار ہیں ۔ انہیں گرفتار کر لیتے ہیں ۔
تحریک انصاف کے رہنماﺅں کے وکیل نے کہا کہ احتجاج کرنے والے پرامن مظاہرین کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ۔ نامزد ملزمان قومی اسمبلی کے رکن ہیں ۔
عدالت نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے تحریک انصا ف کے رہنماﺅں کی ضمانت منظور کر لی جبکہ شیریں مزاری کو بے قصور قرار دیدیا ۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے نواز شریف کو آڑے ہاتھوں لیا اور بولے نواز شریف عدلیہ کو متنازعہ بنا رہے ہیں ۔
تحریک انصاف کے رہنماء نے یہ بھی کہا کہ سرکاری وکیل نے من گھڑت الزامات لگائے ۔ مقدمہ سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا ۔ انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ ضمانتیں منظور ہونے پر خوشی ہے ۔