Sunday, September 8, 2024

پارلیمنٹ اجلاس کے ایجنڈے میں پی آئی اے نجکاری سمیت 7بل شامل

پارلیمنٹ اجلاس کے ایجنڈے میں پی آئی اے نجکاری سمیت 7بل شامل
March 21, 2016
اسلام آباد (92نیوز) پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج شام 5بجے ہو گا۔ اجلاس میں پی آئی اے نجکاری سمیت سات بل پیش کئے جائیں گے۔ اپوزیشن پرویز مشرف کی بیرون ملک روانگی پر احتجاج کرے گی۔ حکومت نے بھی حکمت عملی وضع کر لی۔ تفصیلات کے مطابق مشترکہ اجلاس کے 7 نکاتی ایجنڈے میں حکومت کے تین اور اپوزیشن کے چار بل شامل ہیں۔ اجلاس میں گیس چوری‘ بلوں کی وصولی‘ پی آئی اے کو کمپنی میں تبدیل کرنے اور امیگریشن سے متعلق ترمیمی بل پیش کئے جائیں گے۔ اپوزیشن کی جانب سے سینیٹر سعید غنی کا ایک اور سینیٹر فرحت اللہ بابر کے تین بل ایجنڈے کا حصہ ہیں۔ غیرت کے نام پر قتل‘ انسداد زنا بالجبر کے قانون شہادت میں ترمیم اور پرائیویٹائزیشن سے متعلق ترمیمی بل بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔ مشترکہ اجلاس میں پیپلز پارٹی پرویز مشرف کے بیرون ملک روانگی کے معاملے پر احتجاج کریگی۔ اجلاس سے قبل وزیر اعظم نو از شریف کی زیرصدارت سیاسی مشاورتی اجلاس میں وفاقی وزرائ، مسلم لیگ نون اور اتحادی جماعتوں کے اراکین پالیمنٹ شرکت کرینگے۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور مشترکہ اجلاس کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا جائیگا جبکہ اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی زیر صدارت ہو گا۔ اپوزیشن کی جانب سے ٹف ٹائم دینے سے نمٹنے کی حکمت عملی پر بھی غور ہو گا تاہم حکومت کی جانب سے مشترکہ اجلاس سے قبل اسحاق ڈار پی آئی اے کے معاملے پر مشترکہ اپوزیشن کو بریفنگ بھی دیں گے۔