Sunday, May 12, 2024

پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس، وزیراعظم کا کابینہ میں تبدیلیوں کا عندیہ

پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس، وزیراعظم کا کابینہ میں تبدیلیوں کا عندیہ
October 1, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا، ارکان اسمبلی نے وزراء سے متعلق شکایتوں کے انبار لگا دیئے، وزیراعظم نے کابینہ میں ردو بدل کا اشارہ بھی دے دیا، سابق وزیر خزانہ اسد عمر کی کابینہ میں واپسی کا بھی امکان ہے۔ کیا اسد عمر کی کابینہ میں واپسی ہو رہی ہے؟ اس بارے میں 92 نیوز وزیراعظم کی زیر صدارت پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی بھی سامنے لے آیا۔ ارکان اسمبلی نے وزراء سے متعلق شکایتوں کے انبار لگائے تو وزیراعظم نے کابینہ میں ردو بدل کا اشارہ دیتے ہوئے سابق وزیر خزانہ اسد عمر کی کابینہ واپسی کا بھی عندیہ دے دیا ہے۔ پارلیمانی کمیٹی میں مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جس پر وزیراعظم نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر اپوزیشن کے مقدمات ختم ہوجائیں تو پچھلے 10 برس کی طرح سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔ اجلاس میں شریک رکن قومی اسمبلی نور عالم بھی وزیراعظم کے ریڈائر پر آ گئے۔ عمران خان نے نورعالم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے قومی اسمبلی میں حکومت مخالف تقریر کی۔ جب آپ پیپلز پارٹی میں تھے حکومت کیخلاف تقریر کیوں نہیں کرتے تھے؟ وزیراعظم کے سوال کا جواب دیتے ہوئے نور عالم نے کہا کہ وہ پیپلزپارٹی کو بھی آئینہ دکھاتے رہے ہیں۔