Monday, May 13, 2024

پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ، بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر تبادلہ خیال

پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ، بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر تبادلہ خیال
March 12, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے ارکان کی بھی شرکت ہوئی۔ اجلاس میں کرونا وائرس پر تفیصلی گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کرونا وائرس کنٹرول میں ہے، حکومتی اقدامات قابل تحسین ہیں۔ تمام بس اڈوں، ایئرپورٹس، ریلوے اسٹیشنز پر سکریننگ  کا عمل شروع کررہے ہیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ ایران چین سمیت دیگر ممالک سے آنے والے مسافروں کی سخت سکریننگ کی جائے ۔ اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ حکومت کرونا وائرس پر  نیشنل سیکورٹی کمیٹی کا اجلاس بلا رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے بھارت میں مسلمانوں پر مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں پر ظلم ڈھائے جارہے ہیں۔ دنیا کو خاموشی توڑنا ہو گی۔ اقلیتوں پر مظالم کے بعد بھارت دنیا میں تنہا ہوتا جارہا ہے۔ کشمیر میں مزید دو آرڈیننس آنے سے بھارت کا چہرہ پھر سے بے نقاب ہو گیا۔ افغان امن عمل پر وزیراعظم نے کہا افغانستان کے کئی معاملات پاکستان کے ساتھ جڑے ہیں۔ افغانستان میں امن کا کریڈٹ پاکستان کو ملے گا۔ اجلاس میں اراکین نے شکوے شکایات بھی کیں ۔ ارکان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم نہ کرنے سے حکومت کا منفی امیج جارہا ہے۔ اس پر وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ جلد حکومتی اقدامات کے ثمرات عوام تک پہنچیں گے۔ وزیراعظم نے ثانیہ نشتر کو معاملہ دیکھنے کی ہدایت کر دی۔ اجلاس میں اراکین نے فنڈز نہ ملنے اور خواتین نے مخصوص نشستوں کے معاملے پر تحفظات کا اظہار بھی کیا۔ وزیراعظم نے اراکین کو معاملات حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔