Wednesday, April 24, 2024

پارلیمان میں حکومت اور اپوزیشن میں گفتگو خوش آئند ہے، فواد چودھری

پارلیمان میں حکومت اور اپوزیشن میں گفتگو خوش آئند ہے، فواد چودھری
September 28, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا پارلیمان میں حکومت اور اپوزیشن میں گفتگو خوش آئند ہے۔

وفاقی وزیر فواد چودھری نے کابینہ اجلاس کے بعد بریفنگ میں کہا، حکومت انتخابی اصلاحات کیلئے بات چیت آگے بڑھانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا حکومت الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم متعارف کرانے جارہی ہے، پرائیویٹ کمپنی سے 20 ای وی ایم منگوائی ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا انتخابات کا لازمی حصہ ہوگا۔

اُن کا کہنا تھا کہ حکومت اپوزیشن سے مذاکرات کے لیے تیار ہے، پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے ساتھ گفتگو کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ ماضی میں انتخابی اصلاحات پر کسی جماعت نے بات نہیں کی۔ وزیراعظم نے اپوزیشن سے رابطوں کیلئے علی محمد خان اور بابر اعوان کو ہدایت کی ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ شہبازشریف کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کیس چلایا تو وہ 25 سال کیلئے جیل جا سکتے ہیں۔ شہبازشریف نے صوبے کا تمام بجٹ لاہور پر خرچ کیا۔

انہوں نے کہا سندھ حکومت ایک روپیہ خرچ نہیں کرتی، وفاق نے 11 ارب روپے کراچی پرلگادئیے، اسلام آباد میں بیٹھ کر کراچی کے مسائل کو کیسے حل کیا جا سکتا ہے؟۔ بلدیاتی انتخابات پہلے سال نہ کرانا پی ٹی آئی حکومت کی غلطی تھی۔

وزیر اطلاعات نے کہا بااختیار بلدیاتی حکومت پاکستان کے مسائل کا حل ہے۔ لوکل حکومتوں کی سب سے بڑی مخالفت وزرائے اعلیٰ کی جانب سے آ رہی ہے۔