Sunday, May 5, 2024

پاراچنار سبزی منڈی میں دھماکا، 22افراد جاں بحق، 87زخمی

پاراچنار سبزی منڈی میں دھماکا، 22افراد جاں بحق، 87زخمی
January 21, 2017

پاراچنار (92نیوز) سفاک دہشت گردوں نے کرم ایجنسی کے علاقہ پاراچنار کو ایک بار پھر لہولہو کر دیا۔ سبزی منڈی میں ہونے والے دھماکے میں 22 افراد جاں بحق اور 87 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو پاراچنار اسپتال منتقل کردیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں ریسکیو آپریشن کے دوران شدید زخمیوں کو ہیلی کاپٹرکے ذریعے پشاورمنتقل کرنا شروع کیا۔

تفصیلات کے مطابق کرم ایجنسی میں قائم ہونے والا امن دشمنوں کو ایک آنکھ نہ بھایا۔ سفاک دہشت گردوں نے پاراچنارکی فضا کو ایک بار پھر سوگوار کر دیا۔ دھماکا اس وقت ہوا جب لوگ سبزی منڈی میں خریداری میں مصروف تھے۔ پولیٹیکل انتظامیہ کرم ایجنسی کے مطابق دھماکاخیز مواد سبزی کے کریٹ میں رکھا گیا تھا جسے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔

زوردار دھماکے کے نتیجے میں ہرطرف خون اور انسانی اعضاء بکھرگئے۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ دور دور تک اس کی آواز سنی گئی۔ ابتدائی طور پر پولیٹیکل ایجنٹ کرم ایجنسی نے دھماکے میں بیس افراد کے جاں بحق اور پچاس کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔

سیکیورٹی فورسز اور پولیٹیکل انتظامیہ نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ دھماکےمیں جاں بحق اور زخمیوں کو پاراچنار، صدہ اورکرم ایجنسی کے دیگر اسپتالوں کو منتقل کیا۔ آئی ایس پی آر کےمطابق شدید زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاورمنتقل کیا جارہاہے۔ وزیراعظم نے پاراچنار دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔