Saturday, May 18, 2024

پاراچنار بم دھماکے میں ملوث ہونے کے شبہ میں 7افراد گرفتار

پاراچنار بم دھماکے میں ملوث ہونے کے شبہ میں 7افراد گرفتار
January 22, 2017

پاراچنار (92نیوز) پاراچنار بم دھماکے میں پچیس افراد جاں بحق ہوئے۔ فضا دوسرے روز بھی سوگوار رہی۔ تمام بازار اور کارروبار بند رہے۔ بم دھماکے میں شہید ہونے والوں کی اُن کے آبائی علاقوں میں تدفین کر دی گئی جبکہ پولیٹیکل حکام نے سات مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ادھر پشاور میں طلبا نے بم دھماکے کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

تفصیلات کے مطابق خون کے پیاسوں نے پاراچنار کو ایک بار پھر نشانہ بنایا جس پر دوسرے روز بھی فضا سوگوار اور ہر دل اداس جبکہ ہر آنکھ نم رہی۔ پاراچنار میں تمام کاروباری مراکز بند رہے جبکہ شہید ہونے والوں کی اُن کے آبائی علاقوں میں تدفین کر دی گئی ہے۔

ادھر پولیٹیکل ایجنٹ شاہد علی خان کا کہنا ہے کہ سات مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ جائے دھماکہ سے ملنے والے نامعلوم شخص کی ٹانگوں کے نمونے بھی ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے بجھوائے گئے ہيں۔ پولیس کی ایک تحقیقاتی ٹیم نے بھی جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور جاۓ دھماکہ سے نٹ بولٹ اور دیسی بم میں استعمال ہونے والے دیگر اشیاء اور نمونے اکٹھے کئے۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں بارہ کلو دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گيا۔ پاراچنار میں سفاک دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کے خلاف پشاور میں طلبا نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے پاراچنار دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کو بے نقاب کرنے اور کرم ایجنسی کے اسپتالوں کو سہولیات دینے کا مطالبہ بھی کیا ۔