Friday, April 26, 2024

پابندی کے باوجود پی ٹی وی کا 2 بھارتی چینلز کیساتھ نشریاتی معاہدے کا انکشاف

پابندی کے باوجود پی ٹی وی کا 2 بھارتی چینلز کیساتھ نشریاتی معاہدے کا انکشاف
November 24, 2020

بھارتی چینلز کو معاہدے کے مطابق 10 کروڑ روپے کی ادائیگی مسئلہ بن گئی۔ وزارت اطلاعات ونشریات نے وفاقی کابینہ سے تجارتی پابندی میں نرمی کی سفارش کردی۔

پاکستان ٹیلی وژن انتظامیہ کی جانب سے تجارتی پابندی عائد ہونے کے باوجود دوبھارتی چینلز کیساتھ اسپورٹس نشریات کیلئے معاہدہ کئے جانے کا انکشاف بھارتی چینلز کیساتھ معاہدے وزارت اطلاعات و نشریات اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بغیر کیے گئے۔

پی ٹی وی نے انگلش پریمیئر لیگ دکھانے کیلئے بھارتی براڈ کاسٹر سٹار انڈیا کے ساتھ 3 ستمبر2019 اور آسڑیلیا میچز کیلئے سونی پکچرز انڈین لمیٹڈ (ٹین سپورٹس) کے ساتھ 24 اکتوبر 2019ء کو معاہدہ کیا۔

92 نیوز کوموصول دستاویزات کے مطابق، بھارتی چینلز کو معاہدے کے مطابق 10کروڑ روپے کی ادائیگی مسئلہ بن گئی۔ پی ٹی وی کی جانب سے انگلش پریمیئر لیگ کیلئے اسٹار انڈیا کو 2 لاکھ 50 ہزار 500 ڈالر جبکہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آسٹریلیا دورے کے نشریاتی حقوق کے خلاف سونی پکچرز انڈین لمیٹڈ (ٹین سپورٹس) کو 3 لاکھ 74 ہزار ڈالر واجبُ الادا ہیں۔

وزارت اطلاعات نے ادائیگی کیلئے وزارت تجارت سے رابطہ کیا تو اسٹیٹ بینک سے رجوع کا مشورہ دیا گیا۔

اسٹیٹ بینک نے موقف اختیار کیا کہ بھارتی براڈ کاسٹرز کو ادائیگی وزارت تجارت یا وفاقی کابینہ کے این او سی کے بعد کی جا سکتی ہے۔ تجویز دی کہ پی ٹی وی کی جانب سے مستقبل میں ادائیگی کیلئے وفاقی کابینہ اور وزارت تجارت سے این او سی حاصل کرنے کے بعد اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے فارن ایکسچینج آپریشن ڈپارٹمنٹ میں مجاز ڈیلر کے ذریعے تمام ضروری کاغذات کے ساتھ درخواست جمع کرائی جا سکتی ہے۔

وزارت اطلاعات ونشریات نے بھارتی چینلز کو ادائیگی کیلئے وفاقی کابینہ سے تجارتی پابندی میں نرمی کی سفارش کردی ہے جس کا فیصلہ آج کیا جائیگا۔