Saturday, April 20, 2024

پائلٹس کی جعلی ڈگریوں سے متعلق بیان ، غلام سرورخان کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست خارج

پائلٹس کی جعلی ڈگریوں سے متعلق بیان ، غلام سرورخان کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست خارج
July 1, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) پائلٹس کی جعلی ڈگریوں سے متعلق متنازعہ بیان پر وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرورخان کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست خارج کر دی گئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ اگر وفاقی وزیرکے بیان سے ملک کا نقصان ہوا ہے تو ایکشن لینا وزیراعظم کا اختیار ہے۔ عدالت آرٹیکل 199 کا سہارا لے کر معاملے میں مداخلت نہیں کرنا چاہتی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہرمن اللہ نے 8 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار نے وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کے پی آئی اے کے پائلٹس سے متعلق انکشافات کو غیر ذمہ دارانہ اور غلط قرار دیا۔ درخواست گزار کے مطابق وزیر ہوا بازی کے بیان سے پاکستان اور پی آئی اے کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔ عدالت کے پاس یہ ماننے کا کوئی جواز نہیں کہ وزیر اعظم اور ان کی کابینہ کو معاملے کی نذاکت کا اندازہ نہیں۔ عدالت وفاقی وزیر کے احتساب کے آئینی طریقہ کار میں مداخلت سے پرہیز کرتی ہے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ وفاقی وزیرنے پائلٹس سے متعلق غیرذمہ دارانہ بیان دیا جس سے دنیا بھر میں ملک کی جگ ہنسائی ہوئی۔