Thursday, April 25, 2024

ٹیکسز اور معاشی پالیسیاں نا منظور، شہر شہر تاجر برادری سراپا احتجاج بن گئے

ٹیکسز اور معاشی پالیسیاں نا منظور، شہر شہر تاجر برادری سراپا احتجاج بن گئے
July 13, 2019

لاہور (92 نیوز) ٹیکسزکے نفاذ اور شناختی کارڈ پر خریدوفروخت کی شرط کے خلاف تاجروں نے شٹرڈاؤن ہڑتال کر دی۔ اسلام آباد، روالپنڈی میں کاروباری مراکز، مارکیٹیں ،بازار مکمل بند ہیں۔

 ٹیکسز کے نفاذ کے خلاف تاجر ڈٹ گئے۔ لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی سمیت ملک کے زیادہ تر شہروں میں شٹرڈاؤن ہڑتال ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے فائلر اور نان فائلر کے چکر میں ڈال کر تاجروں کا معاشی قتل کیا جارہا ہے۔

 کراچی میں تاجر برادری دوحصوں میں تقسیم ہو گئی۔ تاجر ایکشن کمیٹی نے ہڑتال سے لاتعلقی جبکہ کچھ تاجر تنظیموں نے ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔ لاہور کی تاجر برادری بھی ہڑتال کے معاملے پر منقسم ہے۔

وزیراعظم کے آبائی ضلع میانوالی میں بھی تاجروں نے ہڑتال کی کال مسترد کر دی۔ شہر میں کاروباری مراکز معمول کے مطابق کھلے ہیں۔ ٹبہ سلطان میں بھی تاجر دو دھڑوں میں تقسیم ہو گئے۔

 ملتان اور بہاولپور میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال ہے۔ گوجرانوالا کے تجارتی مراکز، مارکیٹیں اور فیکٹریاں بند ہیں ۔ تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ شناختی کارڈ پر خریدو فروخت کی شرط ختم کی جائے۔

 فیصل آباد کے تاجروں نے اضافی ٹیکسز کو مسترد کرتےہوئے ہڑتال کر دی۔ گھنٹہ گھر کے اطراف آٹھوں بازار بند رہیں گے۔ ادھر انجمن تاجران سپریم کونسل نے ہڑتال کی مخالفت کی ہے۔  

خانیوال، پنڈ دادنخان میں کاروباری مراکز، میڈیکل اسٹور بھی بند ہیں۔ رحیم یارخان، وہاڑی، میاں چنوں ،بوریوالا، عارفوالا، ہارون آباد کی تمام مارکیٹیں  سنسان  پڑی ہیں۔

https://www.youtube.com/watch?v=gnpS4l_x5KI

منڈی بہاؤالدین میں تاجروں نے مکمل ہڑتال کرتے ہوئے شہر کے مرکزی چوک میں احتجاجی کیمپ لگا لیا۔ سرگودھا، جھنگ، خوشاب، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مکمل ہڑتال ہے۔

 حیدرآباد، شکارپور، ٹھٹھہ، ٹنڈوالٰہ یار سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں  کاروبار زندگی مکمل طور پرمفلوج  ہے۔ تمام کاروباری مراکز، بازار، میڈیکل اسٹور، پٹرول پمپ، سی این جی پمپ بھی بند پڑے ہیں ۔

 پشاور، کوہاٹ، کرک، ٹانک، ڈی آئی خان، مالاکنڈ، دیربالا ، سوات سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر شہروں میں مارکیٹیں سنسان پڑی ہیں۔ سکردو میں بھی  تاجروں نے کاروبار بند کر دیئے ہیں۔

 کوئٹہ ،گوادر سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں بھی شٹرڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔ کاروباری مراکز بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔