Monday, May 6, 2024

ٹیکسالی لاہور میں مکان کی چھت گرنے سے 6افراد جاں بحق،4زخمی

ٹیکسالی لاہور میں مکان کی چھت گرنے سے 6افراد جاں بحق،4زخمی
September 8, 2020

لاہور ( 92 نیوز)لاہور کے علاقے ٹیکسالی میں مکان کی چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق جب کہ چار زخمی ہو گئے ۔  جاں بحق ہونے والوں میں میاں بیوی اور  دو بچےبھی شامل ہیں ، بد قسمت  فیملی گوجرانوالہ سے مہمان آئی تھی۔

ٹیکسالی چوک میں عرصہ دراز سے بوسیدہ عمارت نےکرائے کے مکان میں رہائش پذیر خاندان کی دنیا اجاڑ دی،رات گئے خستہ حال عمارت کی دیوار اشتیاق نامی شہری کےمکان پر قیامت بن کر گر پڑی،جس سے اشتیاق تو بال بال بچ گیالیکن اپنے بچوں،مہمان آئے اپنے بھائی اور اس کا خاندان نہ بچا سکا۔

چھت گرنے سے اشتیاق کے بچے،تایا زاد بھائی جاوید اپنی بیوی اور بچوں سمیت ابدی نیند سو گیا،چھت گرنے سے چھ افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ چار زخمی ہوئے۔

کرائے کے مکان میں رہائش پذیر اشتیاق نے تھانہ ٹبی سٹی میں مقدمہ درج کرا دیا،جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ہمسایہ کی عمارت خستہ حال تھی کسی نے مرمت نہیں کرائی۔

جاں بحق ہونے والوں میں جاوید اس کی اہلیہ روبینہ جبکہ بچوں میں حسن،ضیغم،علی مہدی اور دیگر شامل ہیں،جبکہ ایان علی،پندرہ سالہ مہوش ،سولہ سالہ عتیقہ اور سات سالہ کنزہ زخمی ہوئیں جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر لاہور سے رپورٹ طلب کر لی جبکہ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ کئی عمارتیں خستہ حالی کا شکار ہیں جو مزید حادثے کا باعث بن سکتی ہیں۔