Sunday, September 8, 2024

ٹیکساس سے ٹکرانے والے طوفان ”ہاروی“ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری

ٹیکساس سے ٹکرانے والے طوفان ”ہاروی“ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری
August 29, 2017

ٹیکساس (92 نیوز) امریکا کے جنوبی ساحلی علاقوں سے ٹکرانے والے طوفان ”ہاروی“ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری۔ طوفان تو تھم گیا بارشیں نہ تھم سکیں۔ ہیوسٹن شہر کا وسیع علاقہ پانی پانی ہو گیا۔ ہیلی کاپٹرز اور کشتیوں کے ذریعے شہریوں کو ریسکیو کیا گیا۔ ٹیکساس کی اٹھارہ کاؤنٹیز کو آفت زدہ قرار۔ ہیوسٹن کے تمام اسکول، ائیر پورٹس اور دفاتر بند۔ ہلاکتوں کی تعداد آٹھ ہو گئی۔

ہاروی طوفان سے امریکا کی ریاست ٹیکساس کی ساحلی پٹی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور امریکا کا چوتھے بڑے شہر ہیوسٹن کا وسیع علاقہ پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔ ریسکیو اہلکاروں نے سیلاب میں پھنسے ہزاروں افراد کو اب تک محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں نیشنل گارڈز دو درجن سے زائد ہیلی کاپٹرز اور سیکڑوں کشتیوں کے ذریعے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ مزید کئی روز تک جاری رہے گا۔ ٹیکساس میں چند دن میں اتنی بارش ہوئی جو پورے سال میں نہیں ہوتی۔ کئی علاقوں میں پانچ فٹ تک پانی جمع ہے۔ ہیوسٹن کی مرکزی شاہراہیں وینس شہر کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ چار روز کے دوران چوبیس انچ تک بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے جو آئندہ جمعے تک دگنا ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

شدید بارشوں کے بعد امریکی فوج کی انجینئر کور نے اعلان کیا ہے کہ وہ علاقے میں موجود دو ڈیموں سے پانی کا اخراج شروع کر رہی ہے تاکہ ڈیموں کو ٹوٹنے سے بچایا جاسکے۔ ڈیموں سے پانی کا اخراج آہستہ آہستہ کیا جائے گا جس کا سلسلہ پورا ہفتہ جاری رہے گا۔

ٹیکساس کے علاقے ڈئیر پارک میں رائل ڈچ شیل کمپنی نے آئل ریفائنری اور کیمیکل پلانٹ ایک ہفتے سے زائد مدت کے لیے بند کر دیا ہے۔ کمپنی ترجمان کا کہنا ہے کہ صرف ضروری عملہ پلانٹ پر موجود رہے گا۔ تیل کی روزانہ کی بنیاد پر پیداوار بھی معطل رہے گی۔

ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے کہا ہے کہ نیشنل گارڈز کے مزید ایک ہزار اہلکارہیوسٹن بھیجنے کی درخواست کی ہے۔ میکسیکو نے ریسکیو آپریشن میں مدد کی پیشکش کی ہے۔