Friday, April 19, 2024

ٹیکس کولیکشن کا نظام بہتر نہ ہونے کی صورت میں ایف بی آر کو ہی ختم کردینگے،عمران خان

ٹیکس کولیکشن کا نظام بہتر نہ ہونے کی صورت میں ایف بی آر کو ہی ختم کردینگے،عمران خان
March 7, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ٹیکس کولیکشن کا نظام بہتر نہ ہونے کی صورت میں ایف بی آر کو ہی ختم کردینگے۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں  وزیر اعظم عمران خان نے ملکی ترقی نہ ہونے کا ذمہ دار قرضوں اور ٹیکس وصولی بہتر نہ ہونے کو قرار دے دیا اور کہا ان لوگوں نے پاکستان کا قرضہ 30 ہزار ارب تک پہنچا دیا۔ ملک چلانے کےلیے پیسہ نہ ہو تو آزادانہ فیصلے کیسے کر سکتے ہیں۔ قرضے لینے والی قوم کی عزت نہیں ہوتی۔ وزیراعظم کی قوم کو سچ بولنے کی بھی تلقین سامنے آئی۔ بولے انگلینڈ میں جھوٹی گواہی پر تین سال  قید کی سزا ہے، سب جانتے ہیں پانامہ کیس میں جھوٹ بولا جا رہا ہے۔ ملکی معیشت سے متعلق ان کا کہناتھا کہ ہم نے سیاحت کا شعبہ ہی بہتر کرلیا تو خسارہ پورا ہو جائے گا۔ ٹیکس وصولیاں بہتر نہ ہونے پر نیا ایف بی آر بنانے کا عندیہ بھی دے دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پالیسیاں بنانے اور غلطیاں سدھارنے میں وقت لگتا ہے۔ حکومت کی اولین ترجیح عام آدمی کی حالت بہتر بنانا ہے۔ بزنس کیمونٹی کے تعاون کے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیں ہے۔ وزیراعظم نے قوم کے جذبے کی بھی تعریف کی اور کہا کہ اپنی قوم پر اعتماد ہے ، ہم نے کوشش کی اور اللہ نے کامیابی دی۔ جب تک قوم اکھٹی رہتی ہے اس کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔