Friday, April 26, 2024

ٹیکس چوری کے الزامات، عمران خان نے سپریم کورٹ میں جواب جمع کرا دیا

ٹیکس چوری کے الزامات، عمران خان نے سپریم کورٹ میں جواب جمع کرا دیا
November 29, 2016

اسلام آباد (92نیوز) ٹیکس چوری کی نہ منی لانڈرنگ، تمام الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔ درخواست گزار نے سیاسی آقاؤں کو خوش کرنے کے لئے درخواست دی۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سپریم کورٹ میں اپنا جواب جمع کرا دیا۔

تفصیلات کے مطابق آف شور کمپنی اور مبینہ ٹیکس چوری کا معاملہ، عمران خان نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی درخواست پر اپنا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا۔ انہوں نے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ لندن فلیٹ ایک لاکھ 17ہزار پاﺅنڈ میں خریدا۔ 9پاﺅنڈ مالیت سے نیازی سروسز لمیٹڈ کمپنی بنائی۔

اس کمپنی کا کل اثاثہ لندن کا فلیٹ تھا۔ 2002 میں بنی گالہ کی زمین 43 کروڑ 50 لاکھ روپے میں اقساط میں خریدی۔ بنی گالہ اراضی کی پیشگی رقم 65 لاکھ روپے اپنے ذرائع سے ادا کی۔ لندن فلیٹ کی فروخت میں تاخیر پر جمائما نے بنی گالہ میں رہائش کے لئے اراضی کی رقم ادا کی۔ جمائما کی طرف سے بنی گالہ اراضی کی رقم ادا کرنے کے دستاویزی شواہد موجود ہیں۔۔

مارچ 2003ء میں لندن فلیٹ کی رقم جمائما کو دے دی۔ لندن کا فلیٹ 7 لاکھ 15 ہزار پاونڈ میں فروخت ہوا۔ ٹیکس منہا کر کے 6 لاکھ 90 ہزار 307 پاونڈ ملے۔ لندن فلیٹ بیرون ملک آمدن سے خریدا۔ طلاق کے بعد جمائمہ نے بنی گالہ کا گھر خط کے ذریعے گفٹ کر دیا۔

عمران خان نے اپنے جواب میں مزید کہا ہے کہ بنی گالہ کی اراضی کالے دھن سے خریدنے کے الزامات غلط ہیں۔ ایف بی آر نے 13 سال سے بنی گالہ اراضی کی ٹرانزیکشن پر اعتراض نہیں کیا۔ اثاثوں سے متعلق کوئی غلط بیانی نہیں کی۔ تین دہائیوں سے ٹیکس ادا کر رہا ہوں۔ تحریک انصاف پر لگائے گئے الزامات کا جواب پارٹی کا وکیل دے گا۔