Tuesday, April 23, 2024

ٹیکس نادہندگان کی جائیداد قرقی کیلئے حکمت عملی تیار

ٹیکس نادہندگان کی جائیداد قرقی کیلئے حکمت عملی تیار
April 2, 2019

لاہور( 92 نیوز) ایکسائز حکام نے 2کنال سے بڑے گھروں سے لگژری ٹیکس کی وصولی کے لئے نادہندگان کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد قرق کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کرلی ہے ۔

حکمت عملی کے تحت  پہلے مرحلے میں نادہندگان کو جرمانے اور آخری وارننگ کے ساتھ نوٹس ارسال کر دیئے ،جس میں انہیں15اپریل تک کی مہلت دی گئی ہے ۔

علاوہ ازیں ایکسائز ریجن بی میں11ہزار پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کو بھی آخری نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں ،نادہندگان سے ٹیکس وصول کرنے کے لئے ڈائریکٹر ایکسائز رائو شکیل الرحمان نے 22ٹیمیں بھی تشکیل دے دی ہیں جن کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ کے بعد نادہندگان کی لینڈ ریونیو ایکٹ1967کے تحت جائیداد قرق کرنے کے لئے کارروائی کریں ۔

 ا سکے ساتھ نادہندگان کی ضمانت قبل از وقت گرفتاری کے احکامات بھی جاری کئے جائیں گئے ۔ ذرائع کے مطابق ای ٹی او ایکسائز عرفان مسعود غوری نے پوش علاقوں میں بننے والے 2کنال سے بڑے گھروں سے لگژری ٹیکس کی وصولی کے لئے نادہندگان کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لئے ان کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد قرق کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

جن ٹیکس گزاروں کو جرمانے کے ساتھ نوٹس ارسال کئے جا رہے ہیں ان کو وارننگ دی گئی ہے کہ15اپریل کے بعد ان کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گئی اور لینڈ ریونیو ایکٹ کے ان کی جائیداد قرق کر لی جائے گی اور رقم وصول کر کے ٹیکس وصول کیا جائے گا اور اس کے ساتھ ان کی گرفتاری بھی ہو سکتی ہے ۔

علاوہ ازیں ایکسائز ریجن بی نے 8ہزار سے زائد کرایہ داروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیکشن14کے تحت اپنا کرایہ پراپرٹی مالکان کو ادا کرنے کی بجائے ایکسائز دفاتر میں جمع کرائیں تاکہ نادہندگان سے رقم وصول کی جا سکے ۔

 ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر عرفان مسعود غوری کا کہنا ہے کہ15اپریل کے بعد ٹیکس کی عدم ادائیگی پر نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا جائے گا اور بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔